نائب وزیر اعلیٰ نے بڈگام میں این آئی ایف ٹی کیمپس کا دورہ کیا

بڈگام// نائب وزیراعلیٰ سریندر کمار چودھری نے نیشنل انسٹی چیوٹ آف فیشن ٹیکنالوجی (این آئی ایف ٹی) بڈگام کیمپس کا تفصیلی دورہ کیا اور اُنہوں نے وہاں اِدارے کی تعلیمی سرگرمیوں، بنیادی ڈھانچے اور جاری ترقیاتی کاموں کا از خودجائزہ لیا۔یہ دورہ حکومت کے اُس عزم کو اُجاگر کرتا ہے کہ وہ تعلیم اور ہنر مندی کے شعبوں میں معیار اور مہارت کو بالخصوص فیشن، ڈیزائن اور روایتی دستکاری جیسے شعبوں میں فروغ دینے کے لئے پُرعزم ہے جن کے لئے جموں و کشمیر مشہور ہے۔نائب وزیر اعلیٰ کااین آئی ایف ٹی بڈگام پہنچنے پر ڈائریکٹر این آئی ایف ٹی پروفیسر ڈاکٹر مونیکا گپتا، سینئر فیکلٹی ممبران اور دیگر اَفسران نے والہانہ اِستقبال کیا۔دورے کا آغاز ایک مختصر جائزہ میٹنگ سے ہوا جس میںنائب وزیرا علیٰ کو اِدارے کی تعلیمی پیش رفت، تدریسی طریقہ کار اور طلبأکی فلاح و بہبود سے متعلق اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ بعد میں نائب وزیر اعلیٰ نے ادارے کی جدید ترین لیبارٹریوں اور ورکشاپوں کا معائینہ کیا جواین آئی ایف ٹی کے عملی سیکھنے کے ماحولیاتی نظام کا بنیادی حصہ ہیں۔ اُنہوں نے گارمنٹ کنسٹرکشن لیب، ویونگ لیب، جیولری کم لیدر لیب اور فوٹوگرافی لیب کا باریک بینی سے معائینہ کیا۔ اُنہوں نے طلبأکو تخلیقی عمل میں مشغول پایا اور فیکلٹی کے ساتھ بات چیت کر کے تربیت کی تکنیکی باریکیوں اور اِنڈسٹری میں اس کی اِفادیت پر تبادلہ خیال کیا۔سریندر کمار چودھری نے طلبأسے اپنی گہری دلچسپی اور تعلق کا مظاہرہ کرتے ہوئے مختلف شعبہ جات کے طلبأکے ساتھ کھل کر بات چیت کی۔ اُنہوں نے طلبأپر زور دیا کہ وہ اَپنی عالمی معیار کی تعلیم کو اِستعمال میں لا کر جموں و کشمیر کے ثقافتی سفیر بنیں اور ہندوستان بھر میں اَپنے خطے کی ثقافت اور جدید صلاحیتوں کو اُجاگر کریں۔اُنہوں نے طلبأکی کھیلوں میں دلچسپی کو مدِنظر رکھتے ہوئے یقین دہانی کی کہ حکومت کیمپس کے قریب کھیل کے لئے زمین مہیا کرنے کی کوشش کرے گی۔نائب وزیر اعلیٰ نے جامع ترقی اور ہنر کی اَپ گریڈیشن پر حکومت کی توجہ کو اُجاگر کرتے ہوئے این آئی ایف ٹی انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ مقامی آئی ٹی آئی طلبأ اورہنرمند اَفراد کے لئے خصوصی ورکشاپوں اور تربیتی پروگرام شروع کرے۔اُنہوں نے اِس بات پر زور دیا کہ ان کاریگروں کی رہنمائی کرتے ہوئے انہیں جدید کاریگری کی تکنیک سکھائی جائیں تاکہ مقامی مصنوعات کے معیار، مارکیٹ ویلیو اور عالمی مانگ میں اضافہ ہو۔اِس موقعہ پر ڈائریکٹر این آئی ایف ٹی پروفیسر ڈاکٹر مونیکا گپتا نے نائب وزیر اعلیٰ کو بتایا کہ کمیونٹی سے رابطہ ادارے کے نصاب کا ایک اہم حصہ ہے۔ اُنہوں نے وضاحت کی کہ این آئی ایف ٹی کے طلبأباقاعدگی سے مختلف اضلاع کا دورہ کرتے ہیں تاکہ مقامی دستکاروں سے ملیں اور انہیں جدید تکنیکی رہنمائی فراہم کریں جس سے روایتی کاریگری اور جدید ڈیزائن کے مابین پُل قائم ہوتا ہے۔بعد میں نائب وزیراعلیٰ نے کیمپس میں جاری انفراسٹرکچر اَپ گریڈیشن اور ترقیاتی کاموں کا بھی تفصیلی معائینہ کیا۔اُنہوں نے تعمیراتی ایجنسیوں کو سختی سے ہدایت دی کہ معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے اور غیر معیاری تعمیراتی مواد کے اِستعمال پر زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے۔ اُنہوں نے مزید ہدایت دی کہ اِدارے کے احاطے میں فوری طور پر تمام ضروری مرمت کے کام انجام دئیے جائیں تاکہ سیکھنے اور اختراعات کے لئے ایک محفوظ اور سازگار تعلیمی ماحول فراہم کیا جا سکے۔نائب وزیراعلیٰ نے ادارے کی مجموعی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اس کے ڈیزائن شعبے میں اعلیٰ مرکز بننے کے مشن کے لئے حکومت کی مکمل حمایت کا یقین دِلایا۔نائب وزیر اعلیٰ سریندر کمار چودھری کے ہمراہ منیجنگ ڈائریکٹر ایس آئی ڈِی سی او، سپر اِنٹنڈنگ اِنجینئرآر اینڈ بی بڈگام اور دیگر متعلقہ اَفسران بھی تھے۔