نائب وزیرا علیٰ نے سانبہ میں پی ایم جی ایس وائی کے تحت بڑے پُلوں کی تعمیراتی پیش رفت کاجائزہ لیا

نائب وزیرا علیٰ نے سانبہ میں پی ایم جی ایس وائی کے تحت بڑے پُلوں کی تعمیراتی پیش رفت کاجائزہ لیا

معیار کی جانچ اور تاخیر کی وجوہات کا تعین کرنے ہدایت دِی

سانبہ// نائب وزیر اعلیٰ سریندر کمار چودھری نے سانبہ ضلع کے سمبھ بلاک میں ٹی 01 سے ڈھلوٹ براستہ تلور سڑک پر 181.60میٹر طویل سپین والے دو بڑے پُلوں کی جاری تعمیراتی کاموں کا معائینہ کیا اور کام کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔اُنہوں نے معائینے کے دوران کام کی رفتار پر عدم اطمینان کا اِظہار کیا اور متعلقہ اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ کام کی تکمیل میں تاخیر کی وجوہات کا جائزہ لیں اور تعمیراتی عمل کو تیز کرنے کے لئے ضروری اِصلاحی اَقدامات کریں۔ اُنہوں نے اِس بات پر زور دیا کہ کسی بھی غیر ضروری تاخیر کی ذِمہ داری کا تعین کیا جائے اور متعلقہ اَفسران اور عمل آوری ایجنسی کو ہدایت دی کہ وہ ہر مرحلے پر پیش رفت کی سخت نگرانی کرتے ہوئے منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنائیں۔نائب وزیراعلیٰ نے مزید ہدایت دی کہ اَفسران جاری کاموں کی تفصیلی معیاری جانچ کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ تمام تعمیرات منظور شدہ ڈیزائن،خصوصیات اور مقررہ اِنجینئرنگ معیارات کے عین مطابق کی جا رہی ہیں۔یہ دو پُل بی آر۔1 اور بی آر۔2 جن میں سے ہر ایک کا سپین 181.60 میٹر ہے، ٹی 01 سے ڈھلوٹ براستہ تلورسڑک پر تعمیر کئے جا رہے ہیں۔ بی آر۔1 آر ڈی 0/200 اور آر ڈی 0/300 کے درمیان آتا ہے جبکہ بی آر۔2 آر ڈی 3/010 اور آر ڈی 3/180 کے درمیان ہے۔ بی آر۔1 کے لئے مختص لاگت 2,365.87 لاکھ روپے اور بی آر۔2 کے لئے 2,429.45 لاکھ روپے ہے۔اُنہوں نے کہا کہ متعلقہ محکمے پیش رفت کی نگرانی اور معیار پر سخت کنٹرول برقرار رکھیں اور تاخیر کا باعث بننے والی رُکاوٹوں کی نشاندہی کریں۔ اُنہوں نے اَفسروں کو ہدایت دی کہ سست رفتاری کی وجوہات پر مبنی جائزہ رپورٹ پیش کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ اس میں جلد اَز جلد اِصلاحی اقدامات کئے جائیں ۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ اہم کنکٹویٹی پروجیکٹوں کو وقت پر مکمل کیا جانا چاہیے اور معیار پر سمجھوتہ نہیں کرنا چاہیے ْ کیوںکہ یہ لوگوںاور خطے کی مجموعی ترقی کے لئے اہمیت رکھتے ہیں۔