ملی ٹنسی سرگرمیوںمیں ملوث افرادکیخلاف اپنی کارروائیاں جاری

اوڑی ،بڈگام اورسری نگرمیں 8ملی ٹنٹ معاونین گرفتار،ایک پستول،دستی بم ،گولیاں اورمجرمانہ مواد برآمد،کیس درج:پولیس

سری نگر//جموں وکشمیر پولیس اور سیکورٹی فورسزنے ملی ٹنسی سرگرمیوںمیں ملوث افرادکیخلاف اپنی کارروائیاں جاری رکھتے ہوئے اوڑی ،بڈگام اورسری نگرمیں لشکرطیبہ اورجیش محمد سے وابستہ 8ملی ٹنٹ معاونین کی گرفتاری عمل میں لائی ،اوراُن کی تحویل سے بڑی مقدار میں اسلحہ وگولی بارود برآمد کیا۔جے کے این ایس کے مطابق پولیس نے ایک بیان میں کہاکہ جموں و کشمیر پولیس اور فوج کے مشترکہ دستوں نے بارہمولہ ضلع کے سرحدی علاقے اوڑی میں دہشت گردی کے ایک ماڈیول کا پردہ فاش کیا ، اور3 افراد کو گرفتار کرکے ان سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا ۔بیان کے مطابق بارہمولہ پولیس اور فوج کی16 سکھ لائٹ انفنٹری کے مشترکہ دستوں نے چرونڈا اوڑی میں مشترکہ گشت اور علاقے کے تسلط کے دوران ایک مشتبہ شخص کو دیکھا، جو علاقے میں گھوم رہا تھا۔ اس نے پٹرولنگ پارٹی کو دیکھ کر بھاگنے کی کوشش کی لیکن اسے تدبیر سے پکڑا گیا۔پولیس کے مطابق اس کے پاس سے2دستی بم برآمد ہوئے اور اسے فوری طور پر تحویل میں لے لیا گیا۔ پولیس نے بتایا کہ بعد میں اس کی شناخت شوکت علی اعوانساکنہ چرونڈااوڑی کے طور پر ہوئی۔مزید پوچھ گچھ کے دوران اس نے اپنے ساتھیوں احمد دین اور محمد صدیق کھٹانہ ساکنان چرونڈا اوڑی کے نام بتائے۔ پولیس نے مزید کہا کہ ان سے پوچھ گچھ کی گئی اور ان کے انکشاف پر ان سے2 دستی بم، چینی ساخت کاایک پستول، ایک پستول میگزین اور4 زندہ راؤنڈ برآمد ہوئے۔پولیس کے مطابق، ملزمان پاکستان میں مقیم دہشت گرد ہینڈلرز کی ایماء پر اسلحہ اور گولہ بارود کی سرحد پارسے اسمگلنگ میں ملوث ہیں اور وہ دہشت گردی کی کارروائیوں کے لئے لشکر طیبہ کے دہشت گردوں کو اسلحہ تقسیم کرتے ہیں۔پولیس نے بتایا کہ انڈین آرمز ایکٹ اور یو اے (پی) ایکٹ کے تحت پولیس اسٹیشن اْوڑی میں مقدمہ درج کیا گیا تھا، اور اس معاملے کی تحقیقات جاری ہے ۔اس دوران پولیس نے بڈگام میں لشکر طیبہ سے وابستہ3ملی ٹنٹ معاونین کو گرفتار کیا اور ان کے قبضے سے اشتعال انگیز مواد برآمد کیا ۔پولیس نے کہا کہ بڈگام پولیس نے فوج کی62 آر آرکیساتھ مل کر ضلع بڈگام کے خانصاحب علاقے میں3ملی ٹنٹ معاونین کو گرفتار کیا۔ ان کی شناخت قیصر احمد ڈار ولد غلام نبی ڈار ساکنہ کرمشورہ، طاہر احمد ڈار ولد غلام نبی ڈار ساکنہ واگر اور عاقب رشید گنائی ولد عبدالرشید گنائی ساکن واگر کے طور پر ہوئی ہے جن کا تعلق کالعدم دہشت گرد تنظیم لشکرطیبہ سے ہے۔پولیس کے مطابق ان کے قبضے سے ایک چینی ہینڈ گرینیڈ، 2 میگزین اور57 زندہ راؤنڈز سمیت مجرمانہ مواد برآمد کیا گیا ۔ برآمد ہونے والے تمام سامان کو مزید تفتیش کے لئے کیس ریکارڈ میں لے لیا گیا ہے۔اسی مناسبت سے پولیس تھانہ خانصاحب میں قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔دریں اثناء سری نگر پولیس نے کہاکہ جیش محمد کے2 دہشت گرد ساتھیوں یعنی ارشد مشتاق ولد مشتاق منگرو ساکنہ بادی باغ پلوامہ اور سہیل مجید میر ولد عبدالمجید میر ماچھ پونا پلوامہ کو سری نگر پولیس نے گرفتار کیا اور ان کے پاس سے 2گرینیڈ برآمد ہوئے۔ پولیس کے مطابق ملزمان کیخلاف پولیس تھانہ پارم پورہ سری نگرمیںایف آئی آر124/2023 زیر دفعہ18،23،30یواے پی اے اور 4،5 دھماکہ خیز ایکٹ کے تحت کیس درج کیاگیا اوراس سلسلے میں مزیدتحقیقات جاری ہے۔