Vijay Bidhuri

ملک کا77واںیوم آزادی

بخشی اسٹیڈیم میں بغیر پاس داخلہ ،کشمیر میں نہیں ہوگی کوئی بھی پابندی :صوبائی کمشنر کشمیر بدھوری

سری نگر//کشمیر کے ڈویڑنل کمشنر وجے کمار بدھوری نے ہفتہ کو کہا کہ کشمیر میں ملک کے77ویں یوم آزادی کے موقع پر کوئی پابندی نہیں ہوگی جبکہ انٹرنیٹ اوردیگر سہولیات بھی معمول کے مطابق آسانی سے کام کریں گی۔جے کے این ایس کے مطابق صوبائی کمشنر کشمیروجے کمار بدھوری نے یہاں اپنے دفتر کے چیمبر میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یوم آزادی کے پرامن انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے تمام انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ سری نگر میں مرکزی تقریب کے مقام کو جگہ کی کمی کے پیش نظر شیرکشمیر کرکٹ اسٹیڈیم سے بخشی اسٹیڈیم میں تبدیل کردیا گیا ہے کیونکہ اس سال انتظامیہ کو اس تقریب میں لوگوں کی بڑی تعداد میں شرکت کی توقع ہے۔ ڈویڑنل کمشنر وجے کماربیدھوری نے لوگوں کو کل یعنی اتوارکو صبح 6 بجے بوٹینیکل گارڈن سے ترنگا ریلی میں شرکت کی دعوت دی اور 15 اگست کو ہونے والی مرکزی تقریب میں شرکت کی اپیل بھی کی اور کہا کہ پاس کی ضرورت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ سب کے لیے کھلی دعوت ہے۔صوبائی کمشنر کشمیروجے کمار بدھوری نے کہا کہ کشمیر بھر میں 77ویں آزادی کی تقریبات کے پرامن انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے ضروری سیکورٹی اور دیگر اقدامات کیے گئے ہیں۔