سری نگر//لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بھٹناگر نے سول سیکرٹریٹ میں ایک میٹنگ منعقد کی جس میں اُنہوں نے جموںوکشمیر ہینڈی کرافٹس (سیل اینڈ ایکسپورٹ) کارپوریشن ( جے کے ایچ سی )اور جموں وکشمیرہینڈلوم ڈیولپمنٹ کارپرویشن ( جے کے ایچ ڈی سی ) کی کارکردگی اور کام کاج کا تفصیلی جائزہ لیا۔میٹنگ میں کمشنر سیکرٹری صنعت و حرفت وِکرم جیت سنگھ ، منیجنگ ڈائریکٹر جے کے ایچ سی اور جے کے ایچ ڈی سی کارپوریشنوں کے دیگر سینئر اَفسروں نے ذات طور پر اور بذریعہ ویڈیو کانفرنسنگ شرکت کی۔دورانِ میٹنگ مشیر راجیو ررائے بھٹناگر نے ایک تفصیلی جائزہ لیا جس کا مقصد ان کارپوریشنوں کی طرف سے خطے میں ہینڈی کرافٹس او رہینڈ لوم ورثے کو فروغ دینے اور اِس کے تحفظ کے لئے کی گئی پیش رفت کا جائزہ لینا تھا ۔ میٹنگ میں کارپوریشنوں کے مختلف طبعی اور مالیاتی پہلوئوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔اُنہوں نے جے کے ایچ سی کی پیش رفت اور کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے کارپوریشن کی اِنتظامیہ کو مصنوعات کی مارکیٹنگ کو بہتر بنانے پر زور دیا تاکہ زیادہ سے زیادہ آمدنی حاصل کی جاسکے ۔اُنہوں نے ان سے آئٹم کے مطابق تجزیہ کرنے اور ہر آئٹم کی فروخت کے دائرہ کار کا جائزہ لینے کو بھی کہا ۔ اُنہوں نے ہینڈی کرافٹس اینڈ ہینڈ لوم مصنوعات کی مارکیٹنگ اور تقسیم کے ذرائع کو مزید مضبوط کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔مشیر موصوف نے ان پر مزید زور دیا کہ وہ سیزن اور سیاحتی موسم کے مطابق فروخت کے دائرہ کار کا تجزیہ کریں تاکہ مشہور سیاحتی مقامات پر مصنوعات اِسی کے مطابق دستیاب ہوں۔اُنہوں نے کارپوریشن کی اِنتظامیہ سے مختلف دست کاری مصنوعات کی فروخت کے لئے ایک آن لائن پورٹل تیار کرنے کو بھی کہا ۔ اُنہوں نے کہا کہ وہ مذہبی مقامات اور سرکاری کاموں میں مقامی دستکاری کو فروغ دیںتاکہ کارپوریشن کو زیادہ سے زیادہ آمدنی حاصل ہو۔لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بھٹناگر نے کارپوریشن کی اِنتظامیہ سے یہ بھی کہا کہ وہ خواہشمند خریداروں کے لئے حسب ضرورت آرڈرز متعارف کرنے کی فزیبلٹی کا جائزہ لیں تاکہ وہ اَپنی مانگ کے مطابق مصنوعات حاصل کرسکیں۔اُنہوں نے روایتی دست کاریوں کے احیاء اور فروغ سے جموںوکشمیر کی سماجی و اِقتصادی ترقی میں تعاون کرنے میں جے کے ایچ سی کی سراہنا کی ۔اُنہوں نے مقامی کاریگروں اور بُنکروں کی مدد کرنے کے لئے کارپوریشن کی لگن کو سراہا۔اِس دوران مشیر راجیو رائے بھٹناگر نے جے کے ایچ ڈی سی کی کارکردگی اور کام کاج کا بھی جائزہ لیا۔اُنہوں نے کاریگروں کے لئے ہنرمندی کے فروغ اور صلاحیت سازی کے پروگراموں کی اہمیت پر زو دیا، جو ان کے دستکاری اور کاروباری مہارتوں کو بڑھانے میں مدد کرسکتے ہیں جس سے ان کی آمدنی کے مواقع بڑھ سکتے ہیں۔ اُنہوں نے اُنہیں مشورہ دیا کہ وہ آئی آئی ٹیز اور آئی آئی ایمز کے ساتھ ساتھ صنعتی ماہرین کے ساتھ تعاون کے اِمکانات تلاش کریں تاکہ کاریگروں اور بُنکروں کو مارکیٹ کے تازہ ترین رجحانات سے متعلق متعلقہ تربیت اور نمائش فراہم کی جاسکے۔میٹنگ میں ایم ڈی جے کے ایچ سی اور جے کے ایچ ڈی سی نے کارپوریشنوں کی کارکردگی اور کام کاج کے بارے میں تفصیلی پرزنٹیشن پیش کی۔










