بسوہلی//مرکزی وزیر مملکت سائنس و ٹیکنالوجی( آزادانہ چارج) ، ارتھ سائنسز( آزادانہ چارج) ، وزیر اعظم کے دفتر میں پرسنل پبلک گریوینس ، پنشن ، ایٹامک انرجی اینڈسپیس ڈاکٹر جتندر سنگھ نے کہا کہ جموںوکشمیر میں نچلی سطح پر جمہوریت مضبوط ہوئی ہے کیوں کہ جموںوکشمیر میں ڈی ڈی سی اِنتخابات کے اِنعقاد کو اوّلین ترجیح دی گئی تھی،جو اِنتخابات جموں وکشمیر میں کئی دہائیوں سے اِلتوأ میں تھے۔اُنہوں نے اِن باتوں کا اِظہار کٹھوعہ کے بسوہلی میں ضلع اِنتظامیہ کٹھوعہ کے زیر اہتمام’’ گڈ گورننس ویک‘‘ کے موقعہ پر منعقدہ کنونشن سے خطاب کرنے کے دوران کیا۔ڈاکٹر جتندر سنگھ نے حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شمولیتی ترقی کے معاملے میں ایک بڑی تبدیلی اب زمینی سطح پر واضح ہو گئی ہے جو حکومت کے ’’ سب کا ساتھ ، سب کا وِکاس ، سب کا وشواس ، سب کا پریہاس اور اِنصاف سب کے لئے ‘‘ کے اَصول کو دہراتی ہے۔اُنہوں نے کہا کہ ملک میں ایک نیا سیاسی کلچر قائم کیا گیا ہے جو کسی بھی قسم کے امتیاز کے بغیر ’’ سب کے لئے برابری‘‘ پر مبنی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ اِس نئے سیاسی کلچر کے ساتھ تمام آئینی اَقدار اور اَصولوں کو ہرسطح پر بالخصوص حکمرانی میں اَپنایا جارہا ہے۔ڈاکٹر جتندر سنگھ نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے شاہ پور کنڈی ڈیم پروجیکٹ میں ذاتی دلچسپی لی اور ان کی ذاتی مداخلت سے ہی اس پروجیکٹ پر کام 45برس بعد دوبارہ شروع ہوا ہے جو پہلے کسی نہ کسی وجہ سے رُکا پڑا تھا۔اُنہوں نے کہا کہ وزیر اعظم مودی نے اس بات پر توجہ مرکوز کی کہ ترقی کو صرف چند جگہوں تک محدود نہیں رکھنا چاہیئے بلکہ اسے دُور دراز علاقوں تک پہنچانا چاہیئے جہاں پہلے صرف ترقی کی بات کی گئی تھی لیکن ترقی کبھی نہیں ہوئی۔اُنہوں نے کہا کہ شاہ پور۔ کنڈی پروجیکٹ کو 40برس بعد بحال کیا گیا ، نارتھ اِنڈیاکا پہلا کیبل سٹیڈ برج اٹل سیٹو،جموں وکشمیر کا پہلا اِنٹرسٹیٹ برج کیریان ۔ گنڈیال، نارتھ اِنڈیا کا پہلا بائیو ٹیک اِنڈسٹریل پارک ، نارتھ اِنڈیا کا پہلا ایکسپریس روڈ۔ دہلی سے کٹرہ کے راستے کٹھوعہ تک راہداری،لکھن پور ۔بنی۔بسوہلی ۔ڈوڈہ سے چترگلہ ٹنل کے ذریعے نئے قومی شاہراہ ،اِس کے علاوہ مرکزی فنڈ سے چلنے والے سرکاری میڈیکل کالج ، اِنجینئرنگ کالج ، ڈگری کالج وغیرہ قابل ذِکر ہیں۔ کٹھوعہ کو پہلے ہی ہندوستان کے سب سے پسندیدہ اضلاع میں سے ایک قرار دیا گیا ہے۔ڈاکٹر جتندر سنگھ آر ایم ایس اے کے تحت 100بستروں پر مشتمل گرلز ہوسٹل کا بھی اِی۔ اِفتتاح کیا جو کہ گورنمنٹ ہائی سکول بسوہلی میں تعمیر کیا جائے گا۔پی ایم جی ایس وائی کے تحت شکا ، منڈلی اور کیہنٹا کئی ترقیاتی پروجیکٹوں ، ستورہ اور بدالا میں طویل راستے والے کا زویز اور مشکااور گھاٹی میں سپین قسم کے سٹیل پلوں کا بھی اِفتتاح کیا ۔اُنہوں نے ’’ لاڈلی بیٹی سکیم ‘‘ اور’’ سٹیٹ مریج اسسٹنس سکیم ‘‘کے تحت مستحقین میں چیک بھی تقسیم کئے ۔ محکمہ باغبانی کے استفادہ کنندگان کو ٹریکٹر کی چابیاں فراہم کیں اور ضلع کے بہت سے طلباء کو ان کی شاندار کارکردگی پر مبارک باد دی اور انہیں کھیل کٹس فراہم کئے۔کنونشن میں بی ڈی ڈی ، ڈی ڈی سی ممبران ، ضلع کٹھوعہ کے سرپنچوں اور پنچوں کے علاوہ ڈی ڈی سی کی چیئرپرسن کٹھوعہ کرنل مہان سنگھ، ڈی ڈی سی کے وائس چیئرپرسن رگھو نندن سنگھ ببلو اور ضلع ترقیاتی کمشنر کٹھوعہ راہل یادو نے بھی شرکت کی۔










