محکمہ سیاحت کا کیرن ، گریز اور ٹیٹوال میں ہوم سٹے بیداری کیمپو ں کا اِنعقاد

محکمہ سیاحت کا کیرن ، گریز اور ٹیٹوال میں ہوم سٹے بیداری کیمپو ں کا اِنعقاد

سری نگر/ /محکمہ سیاحت نے اَب تک کے پوشیدہ مقامات پر ہوم سٹے کے تصور کو مزید فروغ دینے کی اَپنی کوششوں میں گزشتہ دو دِنوں کے دوران کپواڑہ ضلع کے کیرن اور ٹیٹوال اور ضلع بانڈی پورہ کے گریز میں کئی بیداری کیمپوں کا اِنعقاد کیا۔ناظم سیاحت کشمیر راجا یعقوب کی ہدایت پر یہ بیداری کیمپ منعقد کئے گئے۔دو روزہ کیمپوں کے دورا ن ان علاقوں کے مکینوں کو ان علاقوں کی سیاحتی صلاحیت ، تمام علاقوں کی یکساں اِقتصادی ترقی ، رہائش کی ماحول دوست نوعیت ،مقامی ثقافت اور ضیافتوں کے فروغ جیسے ہوم سٹیز کے فوائد کے بارے میں بتایا گیا۔اِس بیداری مہم کی ایک اہم خصوصیت اِن علاقوں کے مکینوں اور مقامی اِنتظامیہ بالخصوص محکمہ ریونیو اور پولیس کے درمیان ایک اِستفساری میٹنگ اور اِنٹرفیس تھی جس میں مقامی باشندوں کو سنگل وِنڈو کلیئر نس موڈ میں ہوم سٹے کے لئے رجسٹریشن کے دوران کی جانے والی رسمی کارروائیوں کے بارے میں رہنمائی کی گئی۔