کشمیرآنے والے سیاحوںکی تعداد میں اضافے کی اُمیدـ: ڈائریکٹر ٹورازم
سری نگر//محکمہ سیاحت کشمیر نے ہفتہ کے روز کہا کہ ماہ فروری میں سیاحوںکاخاصا رش رہا کیونکہ تقریباًایک لاکھ سے زیادہ سیاح وادی کشمیرآئے۔ جے کے این ایس کے مطابق یہاں ایک تقریب کے موقع پر نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے ڈائریکٹر ٹورازم کشمیر فضل الحسیب(آئی اے ایس 2018) نے کہا کہ صرف فروری2023 میں ہی ایک لاکھ سے زیادہ سیاح کشمیر کے قدرتی نظاروں سے لطف اندوز ہونے کیلئے یہاں آئے۔انہوںنے کہاکہ ہم اُمید کر رہے ہیں کہ آنے والے دنوں میں کشمیرآنے والے سیاحوںکی تعداد بڑھے گی۔ناظم سیاحت کشمیر کاکہناتھاکہ محکمہ سیاحت کشمیر کئی طریقوں پر کام کررہاہے اورہم آنے والے سیاحتی سیزن کی تیاری کر رہے ہیں تاکہ وادی میں سیاحوں کی تعداد میں اضافہ ہو۔ ڈائریکٹر ٹورازم کشمیر فضل الحسیب نے کہا کہ ہم سیاحوں کی تعداد کا حساب لگانے کے سائنسی طریقوں پر کام کر رہے ہیں کیونکہ یہ بڑے ڈیٹا کا دور ہے، اس لئے ہم سائنسی طریقوں کی بنیاد پر ڈیٹا اکٹھا کرتے ہیں۔انہوںنے کہاکہ ہم رجسٹرڈ اور غیر رجسٹرڈ ہوٹلوں سے بھی ڈیٹا اکٹھا کرتے ہیں۔ڈائریکٹرموصوف نے مزید کہا کہ انہیں سیاحوں کی تعداد کے صحیح اعداد و شمار کو جمع کرنے کو یقینی بنانا ہوگا، لہٰذا سائنسی طریقوں پر اسے جمع کرنا ضروری ہے۔










