مانسبل(گاندربل)//ولر مانسبل ڈیولپمنٹ اتھارٹی ( ڈبلیو ایم ڈِی اے) نے ’عالمی یوم سیاحت ‘ کے موقعہ پر مانسبل جھیل کے آس پاس مختلف دیہاتوں میں بیداری مہم کا اِنعقاد کیا۔اِس مہم کے دوران ڈبلیو ایم ڈی اے کے اَفسران، کارکنوں اور رضاکاروں، سول سوسائٹی کے نمائندوں اور طالب علموں نے مانسبل جھیل کے کیچ منٹ علاقوں کا دورہ کیا اور جھیل کو آلودگی اور ٹھوس کوڑاکرکٹ ڈالنے سے محفوظ رکھنے کا پیغام عام کیا۔شرکاءنے ان علاقوں میںرہائش پذیر لوگوں سے اپیل کی کہ وہ جھیل کے اندر اور آس پاس صفائی ستھرائی کے نظام کوبہتر بنانے اور علاقے میں ایکو ٹورازم کو فروغ دینے کے لئے ڈبلیو ایم ڈِی اے کے فیلڈ سینی ٹیشن رضاکاروں کے ساتھ تعاون کریں۔شرکأ نے پلے کارڈ زاور بینر اُٹھائے ہوئے مختلف دیہاتوں کا دورہ کیا ،مقامی لوگوں سے بات چیت کی اور انہیں ویسٹ مینجمنٹ کے اصولوںاور ماحولیاتی قوانین کی پاسداری کے بارے میں آگاہ کیا۔بعدمیں اس تقریب کے ضمن میں ایک مقامی غیر سرکاری تنظیم ( این جی او) کے اشتراک سے ایک نشست کا اِنعقاد کیا گیا جس میں مقررین نے نیچر اور ماحولیاتی تحفظ کے بہترین طریقوں کو اَپنانے پر تفصیلی گفتگو کی۔چیف ایگزیکٹیو آفیسر ڈاکٹر احسان الحق چشتی نے اَپنے خطاب میں کہا کہ ’ولرمانسبل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (ڈبلیو ایم ڈِی اے) ماحولیاتی تحفظ اور ویسٹ مینجمنٹ کے شعبے میں تخلیقی کاوشوں کے لئے پلیٹ فارم فراہم کرتی رہے گی۔ اُنہوں نے کہا کہ ڈبلیو ایم ڈِی اے ان اقدامات کی حوصلہ اَفزائی اور معاونت کرتی رہے گی۔اس نشست میں اے سی آر بانڈی پورہ شبیر احمد، سینٹرل یونیورسٹی آف کشمیر کے سینئر اساتذہ، سول سوسائٹی کے مختلف گروپوں کے نمائندوں اور مختلف تعلیمی اِداروں کے طلاب نے شرکت کی۔










