لیفٹیننٹ گورنر نے جموں وکشمیر یوٹی میں یوم آزادی کی تقریبات کی تیاریوں کا جائزہ لیا

سری نگر//لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے آج اعلیٰ اِنتظامی اور پولیس افسروں کے ساتھ ایک میٹنگ منعقد کی تاکہ جموں کشمیر یوٹی میں یوم آزادی کی تیاریوں کا جائزہ لیا جا سکے۔میٹنگ میں چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا ، لیفٹیننٹ گورنر کے پرنسپل سیکرٹری سیکرٹری ڈاکٹر مندیپ کمار بھنڈاری ، اِنتظامی سیکرٹریز ، اے ڈی جی پیز ،صوبائی کمشنروں ، ضلع ترقیاتی کمشنروں ، ایس ایس پیز او رسینئر اَفسروں نے ذاتی طور پر اور بذریعہ ویڈیو کانفرنسنگ شرکت کی۔لیفٹیننٹ گورنر نے یوم آزادی کی تقریب کے سلسلے میں ضلعی اِنتظامیہ اور سرکاری محکموں کی طرف سے منصوبہ بند مہمات اور پروگراموں کا جائزہ لیا۔اُنہوں نے کہا کہ ہم سب کو ایک اِکائی کے طور پر ’’ میری مٹی میرا دیش ‘‘ ،’’ ہر گھر ترنگا ‘‘ اور جموں اور سری نگر میں ’ ترنگا یاترا‘ کے کامیاب اِنعقاد کے لئے مل کر کام کرنا چاہیے۔لیفٹیننٹ گورنر کہا کہ مجھے یقین ہے کہ اِس برس بھی بڑی تعداد میں لوگ یوم آزادی کی تقریبات میں شرکت کریں گے۔اُنہوں نے مزید ضلعی اِنتظامیہ اور محکموں کو ہدایت دی کہ وہ ’’ ہر گھر ترنگا ابھیان‘‘ کے تحت سرگرمیاں منظم کریں۔لیفٹیننٹ گورنر نے یوم آزادی کی تقریبات میں عام شہریوں ، عوامی نمائندوں ، یوتھ کلبوں ، سول سوسائٹی ، سیلف ہیلپ گروپس ، این سی سی سکائوٹس اینڈ گائیڈز ، آرمی کے سابق فوجیوں ، سابق فوجیوں ، ممتاز شہریوں اور تعلیمی اِداروں کی فعال شمولیت کو بھی کہا۔ اُنہوں نے اس بات پر زور دیا کہ یومِ آزادی کی تقریب کوئی سرکاری تقریب نہیں بلکہ ملک کا عظیم ترین فیسٹول ہے جسے پورا معاشرہ یکجہتی اور جذبے کے ساتھ مناتا ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے محکمہ ثقافت کو شہدأ پر مونو گراف بنانے کا مشورہ دیا۔اُنہوں نے اَفسروں کو ممتاز عمارتوں ، سیاحتی مقامات ، سرحدی دیہاتوں پر ترنگا نمایاں کرنے اور قوم کی تعمیر میں تعاون کرنے والی سرکردہ شخصیات کے اعزاز میں سرگرمیاں منعقد کرنے کی ہدایت دی۔میٹنگ میں جاری ترقیاتی کاموں کی پیش رفت اور ضلعی اِنتظامیہ کی جانب سے اہداف کی تکمیل کے لئے اُٹھائے گئے اَقدامات پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔