اگلی جمعرات کو مین چوک سے ڈی سی آفس تک پُرامن مارچ :انجینئر طارق مغلو
بارہمولہ//شمالی قصبہ بارہمولہ میں سڑکوںکی زبوں حالی اور کارپارکنگ سہولیات کی عدم دستیابی پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے مقامی تاجروںکی تنظیم بیوپار منڈل بارہمولہ نے اگلی جمعرات کومین چوک سے ڈی سی آفس تک پُرامن مارچ کرنے کااعلان کیا۔جے کے این ایس کے مطابق بیوپار منڈل بارہمولہ کے جنرل سیکرٹری انجینئر طارق مغلو نے یہاں نامہ نگاروں کیساتھ بات کرتے ہوئے کہاکہ ضلع ہیڈکوارٹرہونے کے باوجود بارہمولہ قصبہ میں سڑکوںکی حالت برسوں سے انتہائی خستہ بنی ہوئی ہے ۔انہوںنے کہاکہ کانٹھ باغ کراسنگ سے تحصیل آفس بارہمولہ تک قومی شاہراہ کی بدحالی اور تنگ دستی کایہ عالم ہے کہ یہاں سے گاڑیوںکاگزرنا محال بن گیاہے ۔انہوںنے کہاکہ اس شاہراہ پر ایک کالج ،2ہائر اسکنڈری اسکول اور2ہائی اسکول موجودہیں ،جن میں ہزاروں طلباء اور طالبات زیرتعلیم ہیں ،لیکن شاہراہ کی حالت بری ہونے کی وجہ سے ان طلبہ کوبھی کالج واسکول آتے اور پھر جاتے وقت گردوغبار کاسامنا کرنا پڑتا ہے ۔انجینئر طارق مغلو نے کہاکہ ہم نے بار ہا قومی شاہراہ کی بدحالی اورتنگ دستی کامعاملہ بیکن ،آراینڈبی محکمہ ،میونسپل کونسل اور ضلع انتظامیہ کی نوٹس میں لایالیکن آج تک کوئی توجہ نہیں دی گئی ۔انہوںنے بتایاکہ محکمہ تعمیرات عامہ نے ایک سال قبل بارہمولہ میں ایک سڑک کی مرمت کاری کاکام ایک ٹھیکیدار کوالاٹ کیالیکن آج تک اس روڑ پرکام شروع نہیںکیا گیا۔انجینئر طارق مغلو نے کہاکہ ہم نے یہ معاملہ سپرانٹنڈنٹ انجینئر محکمہ آراینڈبی کی نوٹس میں لایا،جنہوں نے کام جلد شروع کرانے کی یقین دہانی کرائی ہے۔قصبہ بارہمولہ میں کارپارکنگ سہولیت نہ ہونے پرسخت برہمی کااظہار کرتے ہوئے بیوپار منڈل بارہمولہ کے جنرل سیکرٹری نے مزیدکہاکہ بارہمولہ میں گاڑیاں پارک کرنے کی کوئی جگہ نہیں،اسلئے لوگ نجی گاڑیاں سڑک کناروں اورپلوں پر کھڑی کردیتے ہیں ،جس وجہ سے روزانہ کئی کئی مرتبہ ٹریفک جام کی صورتحال پیداہورہی ہے۔ انجینئر طارق مغلو نے سڑکوںکی زبوں حالی اور کارپارکنگ سہولت نہ ہونے کی وجہ سے اب دوسرے علاقوں کے لوگ خریداری کیلئے بارہمولہ آنا پسند نہیں کرتے ہیں ،جسکے نتیجے میں یہاں تجارتی وکاروباریاں سرگرمیاں بھی متاثر ہورہی ہیں ۔ بیوپار منڈل بارہمولہ کے جنرل سیکرٹری نے کہاکہ اگلی جمعرات کوہم اپنے مسائل ومشکلات اورمطالبات کواُجاگر کرنے کیلئے مین چوک سے ڈی سی آفس تک پُرامن مارچ کررہے ہیں ،اور مارچ کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر بارہمولہ کوایک میمورنڈم پیش کیا جائے گا۔انہوںنے کہاکہ اگر پھر بھی ہمارے مطالبات کونظرانداز کیاگیاتو بارہمولہ کی تاجر برادری کے پاس ہڑتال کرنے کے سوا کوئی چارہ نہیں ہوگا۔










