سری نگر، سوپور اور بڈگام میں متعدد مقامات پر این آئی اے کی چھاپے
سرینگر// نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے) نے دہشت گردی کی سازش کے ایک معاملے کی تحقیقات کے لیے کشمیر میں متعدد مقامات پر چھاپے مارے ہیں۔کشمیرنیوز سروس کے مطابق ایک اہلکار نے بتایا کہ سری نگر، سوپور اور بڈگام میں متعدد مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔سوپور میں اپر آشیپیر کے جاوید احمد شیخ، صادق کالونی کے عبدالرشید شالہ اور چیک روڈی خان کے نثار احمد بکیتا کے گھروں کی تلاشی لی گئی۔ ان کارروائیوں کا مقصد اہم شواہد اکٹھا کرنا اور ٹارگٹ کلنگ سے منسلک کسی بھی نیٹ ورک کو ختم کرنا ہے۔ان چھاپوں کا تعلق پنجاب سے تعلق رکھنے والے دو غیر مقامی کارکنوں کے قتل سے ہے جو 7 فروری 2024کو سری نگر کے شالہ کدل محلے میں مارے گئے تھے۔پنجاب سے تعلق رکھنے والے مقتول امرت پال سنگھ اور روہت مسیح کو لشکر طیبہ کی شاخ، مزاحمتی محاذ (TRF) سے وابستہ ملی ٹینٹوںنے گولی مار دی تھی۔ اس کے بعد، ایجنسی نے اگست 2024میں لشکر طیبہ (ایل ای ٹی) کے ایک پاکستان میں مقیم ہینڈلر سمیت چار عسکریت پسندوں کے خلاف چارج شیٹ داخل کی تھی۔چارج شیٹ کے مطابق، تنظیم سے تعلق رکھنے والے ایک عسکریت پسند عادل منظور لانگو نے مبینہ طور پر دو کارکنوں پر فائرنگ کر کے سنگھ کو موقع پر ہی ہلاک کر دیا اور مسیح کو شدید زخمی کر دیا، جو اگلے دن زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔لانگو کے علاوہ این آئی اے نے جموں کی ایک عدالت میں داخل کی گئی چارج شیٹ میں احران رسول ڈار عرف ٹوٹا، داؤد اور ان کے پاکستان میں مقیم ہینڈلر جہانگیر عرف پیر صاحب کا نام لیا ہے۔جانکاری کے مطاب، سری نگر کے ایک کاروباری خاندان کا تعلق سوپور سے ہے اس کے علاوہ سوپور میں دو مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔










