سری نگر//وزیر برائے تعلیم، سماجی بہبود، صحت و طبی تعلیم محکمہ جات سکینہ اِیتو نے اودھمپو ر کے قریب پیش آ ئے ایک افسوسناک سڑک حادثے میں گورنمنٹ کالج برائے خواتین گاندھی نگر جموں کی چوتھے سمسٹر کی طالبہ انجلی چودھری کی المناک موت پر گہرے دُکھ کا اِظہار کیا۔ یہ واقعہ اُس وقت پیش آیا جب طالبہ دیگر ساتھی طالبہ کے ساتھ پکنک پر پتنی ٹاپ جا رہی تھی۔وزیرتعلیم نے دلی تعزیت کا اِظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں نوجوان طالبہ کے بے وقت اِنتقال پر گہرا دُکھ ہوا ہے اور اُنہوں نے اس واقعے کو دل دہلا دینے والا اور المناک قرار دیا۔اُنہوں نے کہا،’’مجھے یہ جان کر گہرا دُکھ ہوا کہ گورنمنٹ کالج برائے خواتین گاندھی نگر جموں کی ایک ذہین طالبہ انجلی چودھری اودھمپور کے قریب ایک افسوسناک سڑک حادثے میں اس وقت جاں بحق ہو گئیں جب وہ اپنَے ساتھی طلبہ کے ساتھ پتنی ٹاپ جا رہی تھیں۔‘‘سکینہ اِیتو نے اس مشکل گھڑی میں سوگوار کنبے، دوستوں اور پورے کالج کمیونٹی کے ساتھ ہمدردی کا اِظہار کیا۔ اُنہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ سوگوار کنبے کو ہر ممکن مدد اور تعاون فراہم کیا جائے۔اُنہوں نے مزید کہا،’’میری دلی ہمدردیاں ان کے کنبے، دوستوں اور کالج کمیونٹی کے ساتھ ہیں۔ میں نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی ہے کہ سوگوار کنبے کو ہر ضروری مدد فراہم کی جائے۔‘‘ اُنہوں نے مرحومہ کی روح کے ابدی سکون کے لئے دعا کی۔










