حادثات اور خودکشی کی کوششوں کی روک تھام کیلئے اقدام

حادثات اور خودکشی کی کوششوں کی روک تھام کیلئے اقدام

دریائے جہلم پر واقع سٹی برج کی فینسنگ مکمل،دیگر حساس مقامات پر بھی ایسے اقدامات کیے جائیں گے/ دپیٹی کمشنر سرینگر

سرینگر / این این بی // ضلع انتظامیہ سرینگر نے دریائے جہلم پر واقع سٹی برج پر حفاظتی باڑ لگانے کا کام مکمل کر لیا ہے کی بات کرتے ہوئے ڈپیٹی کمشنر سرینگر اکشے لابرو نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد پل سے حادثاتی طور پر لوگوں کے دریا میں گرنے کے واقعات اور خودکشی کی کوششوں کو روکنا ہے۔نیشنل نیوز بیورو ( این این بی ) کے مطابق بڈ شاہ پل کا دورہ کرنے کے دوران نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے سری نگر کے ڈپٹی کمشنر اکشے لابرو نے بتایا کہ پولیس اور مقامی لوگوں کی جانب سے اس بات کی نشاندہی کی گئی تھی کہ پل پر مناسب حفاظتی انتظامات اور باڑ نہ ہونے کی وجہ سے لوگ لاپروائی کے باعث دریا میں گر رہے ہیں، جبکہ بعض افراد کی جانب سے جان بوجھ کر دریا میں چھلانگ لگانے کی کوششوں کا خطرہ بھی موجود ہے۔انہوں نے کہا کہ ان اطلاعات کے بعد انہوں نے کچھ عرصہ قبل اپنی ٹیم کے ہمراہ جائے وقوعہ کا دورہ کیا تھا، جس کے دوران پل پر حفاظتی باڑ لگانے کا فیصلہ کیا گیا۔اکشے لابرو نے کہا کہ ضلعی سطح پر دستیاب فنڈس کو اس کام کے لیے مختص کیا گیا اور انتہائی کم وقت اور کم لاگت میں فینسنگ کا کام مکمل کر لیا گیا۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ حفاظتی باڑ نصب کرتے وقت اس بات کا خصوصی خیال رکھا گیا کہ اس سے شہر کی خوبصورتی اور پل سے دریائے جہلم کا دلکش نظارہ متاثر نہ ہو۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ حفاظتی باڑ کی تنصیب سے پل سے لوگوں کے حادثاتی طور پر دریا میں گرنے کے واقعات میں کمی آئے گی اور اس مقام کو خودکشی کی کوششوں کے لیے استعمال ہونے سے روکنے میں بھی مدد ملے گی۔انہوں نے اس کام کی تکمیل میں تعاون کرنے پر روڈز اینڈ بلڈنگز (آر اینڈ بی) محکمہ، پلاننگ آفس اور پولیس کا شکریہ ادا کیا۔دیگر حساس مقامات پر بھی حفاظتی اقدامات کیے جائیں گے۔ اکشے لابرو نے مزید بتایا کہ پرانے پل پر بھی حفاظتی باڑ لگانے کا کام مکمل کر لیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر دیگر مقامات پر بھی حفاظتی انتظامات کی ضرورت کے حوالے سے انتظامیہ کو آگاہ کیا گیا تو وہاں بھی فینسنگ سمیت ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔ڈپٹی کمشنر کے مطابق، ضلعی انتظامیہ شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے اور ایسے مقامات پر حادثات کے خطرات کم کرنے کے لیے ضروری اقدامات جاری رکھے گی۔