سری نگر// سیکرٹر ی منصوبہ بندی ، ترقی او رنگرانی ( پی ڈِی اینڈ ایم ڈِی ) ڈاکٹر اویس احمد نے محکمہ کے اَفسران اورعملے کے ساتھ ایک تعارفی میٹنگ منعقد کی جس میں محکمہ کی کارکردگی، اہم ترقیاتی اَقدامات کی پیش رفت اور مختلف پروگراموں کی مؤثر عمل آوری کی ترجیحات کا جائزہ لیا گیا۔دورانِ میٹنگ وزیر اعظم ترقیاتی پیکیج (پی ایم ڈِی پی) کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ اِس پیکیج میں 53 منصوبے شامل ہیں جو مجموعی طور پر 70,244.55 کروڑ روپے کی لاگت سے منظور کئے گئے ہیں اور ان پر اب تک مجموعی طور پر 89فیصد کام مکمل ہوچکا ہے ۔’ پروجیکٹ مانیٹرنگ گروپ (پی ایم جی) ‘کی پیش رفت پر بھی تبادلہ ٔ خیال کیا گیا جس کے تحت نشاندہی شدہ 124 مسائل میں سے 123 مسائل حل کئے جاچکے ہیں۔ میٹنگ میں مختلف اہم اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا جن میںدیرپاترقیاتی اہداف (ایس ڈِی جیز)، مردم شماری 2027، فیملی آئی ڈِی، ڈیٹا ہم آہنگی، وائبرنٹ ولیجز پروگرام دوم اوراسپریشنل ڈِسٹرکٹ ، بلاکس اور پنچایتوں کا پروگرام شامل ہیں۔اِس کے علاوہ منصوبوں کی نگرانی ، سٹیٹسٹکل سسٹم ، شواہد پر مبنی منصوبہ بندی اور ترقیاتی سکیموں کی جانچ پڑتال کو مضبوط بنانے میں محکمہ کے کردار پر بھی بات ہوئی۔میٹنگ میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ (پی پی پی) اَقدامات اور سینٹر فار انوویشن اینڈ ٹرانسفارمیشن اِن گورننس (سی آئی ٹی اے جی) کے ذریعے صلاحیت سازی کی سرگرمیوں کی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔ مزید برآں، چیف سیکرٹریز کی چھٹی قومی کانفرنس اور ’ناردرن زونل کونسل آئندہ میٹنگ کی تیاریوں پر بھی بات چیت کی گئی۔سیکرٹری نے اَپنے اِختتامی کلمات میں اِس بات پر زور دیا کہ ترقیاتی پروگراموں کی مؤثر عمل آوری اور جموںوکشمیر کی ترقیاتی ترجیحات کے حصول کو یقینی بنانے کے لئے مختلف محکموں کے درمیان بہتر ہم آہنگی ، مطلوبہ معلومات کی بروقت فراہمی ، منصوبوں کی باقاعدہ نگرانی اور زیر اِلتوا ٔمسائل کا فوری حل اِنتہائی ضروری ہے۔










