وزیرجاوید ڈار نے بارہمولہ میں محکمہ تعلیم کے کام کاج کا جائزہ لیا

وزیرجاوید ڈار نے بارہمولہ میں محکمہ تعلیم کے کام کاج کا جائزہ لیا

بارہمولہ// وزیر برائے زرعی پیداوار، دیہی ترقی و پنچایتی راج، اِمدادِ باہمی اور الیکشن محکمہ جات جاوید احمد ڈار نے ضلع بارہمولہ اور رفیع آباد میں محکمہ تعلیم کی کارکردگی اور درپیش اہم چیلنجوں کا جائزہ لینے کے لئے ایک جامع میٹنگ کی صدارت کی۔میٹنگ میں ڈائریکٹرسکولی تعلیم کشمیر، چیف ایجوکیشن آفیسر بارہمولہ، ڈِسٹرکٹ ایجوکیشن پلاننگ آفیسر بارہمولہ اور زونل ایجوکیشن اَفسران نے شرکت کی۔ اَفسران نے ضلع میں تعلیمی اِداروں کی موجودہ صورتحال، بنیادی ڈھانچے، عملے اور جاری ترقیاتی اَقدامات کے بارے میں تفصیلی جائزہ پیش کیا۔دورانِ میٹنگ وزیر موصوف نے مؤثر منصوبہ بندی کے ذریعے تعلیمی نظام کو مضبوط بنانے ، متعلقہ محکموں کے درمیان بہتر تال میل اور مسائل کے بروقت حل کی ضرورت پر زور دیا۔ اُنہوں نے متعلقہ اَفسران کو ہدایت دی کہ معیاری تعلیم کی فراہمی، وسائل کے بہتر اِستعمال اور مؤثر نگرانی کے نظام کو یقینی بنایا جائے تاکہ مطلوبہ نتائج حاصل کئے جا سکیں۔وزیر جاوید ڈارنے سکولوں میں سازگار تعلیمی ماحول فراہم کرنے، بنیادی ڈھانچے کی کمی کو دُور کرنے، تدریسی عملے کی دستیابی یقینی بنانے اور بالخصوص دیہی و دُور دراز علاقوں میں طلبأ کے داخلے اور حاضری کو بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا۔اُنہوں نے تدریسی عمل کو بہتر بنانے کے لئے جدید تدریسی طریقوں اور ٹیکنالوجی سے فائدہ اُٹھانے پر بھی زور دیا۔ اُنہوں نے اَفسران سے کہا کہ وہ لگن اور جوابدہی کے ساتھ کام کریں تاکہ سرکاری سکول بہترین معیار کے مطابق معیاری تعلیم فراہم کر سکیں۔اَفسران نے وزیرموصوف کو سیکٹر کو درپیش مختلف چیلنجوں سے آگاہ کیا اور ان کے حل کے لئے ضروری تعاون طلب کیا۔وزیر جاوید ڈارنے یقین دِلایا کہ تمام جائز مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا تاکہ ضلع میں تعلیمی نظام کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔