Sunil Sharma

عمر عبداللہ کی کابینہ میں شامل ہونے والے تمام نئے وزراءکو مبارک باد

نئے وزراءعوام کی خدمت پر توجہ دیں، حکومت کے مستقبل پر ابھی سے قیاس آرائی نہ کریں/ سنیل شرما

سرینگر / این این بی // وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی کابینہ میں شامل ہونے والے تمام نئے وزراءکو مبارکباد پیش کرتے ہوئے جموں و کشمیر اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سنیل شرما نے کہا کہ وہ ان اراکین اسمبلی کے ساتھ کھڑے رہیں گے جنہیں عمر عبداللہ کی قیادت والی حکومت کی کابینہ میں جگہ نہیں مل سکی ہے۔ نیشنل نیوز بیورو ( این این بی ) کے مطابق جموں و کشمیر اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سنیل شرما نے کہا کہ وہ ان اراکین اسمبلی کے ساتھ کھڑے رہیں گے جنہیں عمر عبداللہ کی قیادت والی حکومت کی کابینہ میں جگہ نہیں مل سکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کابینہ میں شامل نہ ہونے والے اراکین کی مایوسی کو دور کرنے اور ان کے آنسو پونچھنے کی کوشش کی جائے گی۔نئے وزراءکی حلف برداری کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سنیل شرما نے کابینہ میں شامل ہونے والے تمام نئے وزراءکو مبارکباد پیش کی اور امید ظاہر کی کہ وہ عوامی توقعات پر پورا اترنے کے لیے خلوص اور لگن کے ساتھ کام کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ نئے وزراءکو سیاسی رسہ کشی اور اختلافات سے باہر نکل کر جموں و کشمیر کے عام لوگوں کے مسائل حل کرنے پر توجہ مرکوز کرنی چاہیے۔قائد حزب اختلاف نے کہا کہ وزرا کی اصل ذمہ داری عوام کی خدمت کرنا اور لوگوں کو درپیش مسائل کا ازالہ کرنا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ نئی ذمہ داریاں سنبھالنے والے وزراءکو سیاسی تنازعات میں الجھنے کے بجائے عوامی فلاح و بہبود کو اپنی اولین ترجیح بنانا چاہیے۔کابینہ میں جگہ حاصل کرنے میں ناکام رہنے والے اراکین اسمبلی کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں سنیل شرما نے کہا کہ ان اراکین کی مایوسی دور کرنا وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ خود بھی ایسے اراکین کے ساتھ کھڑے رہیں گے اور ان کی دلجوئی کریں گے۔انہوں نے کہا، ”میں ان کے آنسو پونچھوں گا، لیکن ان آنسوو ¿ں کو پونچھنا عمر صاحب کی ذمہ داری ہے۔ ہم بھی ان کے ساتھ کھڑے رہیں گے اور ان کی مایوسی دور کرنے کی کوشش کریں گے۔“واضح رہے کہ منگل کو عمر عبداللہ کی قیادت والی جموں و کشمیر حکومت کی کابینہ میں توسیع کے بعد نئے وزراءنے عہدے اور رازداری کا حلف اٹھایا۔ کابینہ میں توسیع کے نتیجے میں جن اراکین اسمبلی کو وزارت میں شامل نہیں کیا گیا، ان کے سیاسی مستقبل اور حکمران جماعت کے اندرونی حالات کے حوالے سے سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔حکومت کے اندر مبینہ اختلافات اور اس کے مستقبل کے بارے میں پوچھے گئے ایک اور سوال پر قائد حزب اختلاف نے فوری طور پر کسی نتیجے پر پہنچنے سے گریز کرنے کا مشورہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ حلف برداری کی تقریب کو ابھی بمشکل ایک گھنٹہ گزرا ہے، اس لیے حکومت کے استحکام یا اس کے مستقبل کے بارے میں جلد بازی میں کوئی رائے قائم کرنا مناسب نہیں ہوگا۔سنیل شرما نے اس سلسلے میں لوگوں سے صبر و تحمل کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا، ”صبر سے کام لیں، اتنی جلدی نہ کریں۔“