ضلع ترقیاتی کمشنر بانڈی پورہ نے ’بھرشٹا چارمُکت جموںوکشمیر‘ ہفتہ کا اِفتتاح کیا

بانڈی پورہ//ضلع ترقیاتی کمشنر بانڈی پورہ ڈاکٹر اویس احمد نے منی سیکرٹریٹ بانڈی پورہ میں منعقد ہ ایک اِفتتاحی تقریب میں ’’ بھرشٹاچار مُکت جموںوکشمیر ‘‘ ہفتہ کا اِفتتاح کیا۔تقریب میں اے ڈی ڈی سی علی افسر خان، نوڈل آفیسر کوآرڈی نیشن محمد اشرف حکاک ، اے ڈی سی عمر شفیع، اے سی پی ، جے ڈی پلاننگ کے علاوہ ضلع کے تمام ضلعی اور سیکٹورل سربراہان نے شرکت کی۔ اِس موقعہ پر بتایا گیا کہ ہفتہ بھر کے پروگرام کا مقصد رشوت ستانی کا مقابلہ کرنا اور اِنتظامیہ میں شفافیت کو فروغ دینا ہے ۔ اِس طرح رشوت سے پاک بانڈی پورہ کو یقینی بنانا ہے۔اِس موقعہ پر ڈاکٹر اویس احمد نے کہاکہ ضلعی اِنتظامیہ ہرسطح پر رشوت کے خاتمے کے لئے پُر عزم ہے ۔ اُنہوں نے کہا کہ آن لائن خدمات اور اِی۔ دفاتر اِنتظامیہ میں رشوت سے پاک کام کے کلچر کے ہدف کو حاصل کرنے ، حکومتی عمل کو بہتر کرنے اور رشوت کے مواقع کو کم کرنے میں اہم کردار اَدا کرتے ہیں۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے کہا کہ ضلع میں سرکاری خدمات کو بغیر پریشانی بنانے کے لئے پہلے ہی زائد اَز 200 اِی ۔ خدمات دستیاب ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ بانڈی پورہ کو رشوت سے پاک بنانے کے لئے جدید ٹیکنالوجی او رڈیجیٹل حل کی اہمیت قابل شناخت ہے ۔اُنہوں نے کہا کہ آن لائن خدمات اور اِی ۔ دفاتر نہ صرف کارکار کردگی کو بڑھاتے ہیں بلکہ رشوت کے اِمکانات کو بھی کم کرتے ہیں۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے تمام محکموں بالخصوص ایگزیکٹیو ڈیپارٹمنٹوں کو ہدایت دی کہ وہ اَپنے اَپنے محکموں میں تمام اِلتوأ کی بروقت نشاندہی کریں اور ان کو حل کریں۔ اُنہوں نے کہا کہ اِلتوأ وقت میں تاخیر کا باعث بنتا ہے اور بالآخر ایسے معاملات میں رشوت کی گنجائش ہوتی ہے ۔ اِس لئے اُنہوں نے زیر اِلتوأ کاموں کے بروقت حل پر زور دیا۔بتایا گیا کہ’بھرشٹا چار مُکت جموںوکشمیر ‘ ہفتہ میں سرکاری اَفسران او رشہریوں کو رشوت کے مضر اَثرات اور اس سے نمٹنے کے طریقوں سے آگاہ کرنے کے لئے بیداری پروگرام ، ورکشاپوں اور اِستفساری سیشنوں کا ایک سلسلہ پیش کیا جائے گا۔اِس موقعہ پر یہ بھی بتایا گیا کہ ہفتہ اُن اَفراد اور محکموں کی کامیابی کی داستانوں کو بھی اُجاگر کرے گا جنہوں نے اَپنے آپریشنز سے رشوت کے خاتمے کے لئے ڈیجیٹل حل کو مؤثر طریقے سے اَپنایا ہے۔مزید بتایا گیا کہ ہفتہ بھر کے پروگرام میں ضلع کے تمام بلاکوں اور تمام پنچایتوں میں پروگراموں کا ایک سلسلہ منعقد کیا جائے گا۔ان تقریبات میں اِی۔ گورننس اور ڈیجیٹلائزیشن سے متعلق ورکشاپوں ، رشوت کی اطلاع دینے سے متعلق عوامی بیداری مہم ، رشوت سے پاک محکموں کے کامیاب کیس سٹیڈیز کی نمائش ، آن لائن خدمات کے فوائد اور رشوت کو کم کرنے میں ان کے کردار پر شہریوں کے ساتھ اِستفساری سیشنز شامل ہیں۔ضلع ترقیاتی کمشنر بانڈی وپر کے تمام سرکاری اَفسران ، رہائشیوں او رآرگنائزیشنوں سے ہفتہ بھر جاری رہنے والے اِس پروگرام میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی اپیل کی۔ اُنہوں نے کہا کہ ایک شفاف اور جواب دہ اِنتظامیہ کی تشکیل میں اِجتماعی کوششیں بہت اہم ہے۔دریں اثنا، ڈاکٹر اویس احمد نے حلف کی تقریب کی صدارت کی جس میں ضلعی اِنتظامیہ کے اَفسروں کے علاوہ رضاکاروں نے رشوت سے پاک طرز، عمل کا حلف اُٹھانے اور ایک مؤثر پبلک ڈیلیوری سروس سسٹم کو یقینی بنانے کے لئے شرکت کی۔