سرینگر//وادی کشمیر میں شبانہ درجہ حرارت میں نمایاں گراوٹ ریکارڈ کرنے سے پوری وادی شدید سردی کی لپیٹ میں ہیں۔ اس دوران خطہ کرگل کے قصبہ دراس میں گزشتہ رات رواں موسم کی اب تک کی سرد ترین رات ثابت ہوئی ہے جس دوران یہاں کم از کم درجہ حرارت منفی 10ریکارڈ کیا گیا ۔۔اس دوران محکمہ موسمیات نے پیشنگوئی کی ہے کہ آئندہ کچھ دنوں تک وادی کشمیر میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے تاہم اس عرصے کے دوران مطلع ابروآلود رہنے کا بھی امکان ہے۔وادی کشمیر میں جاری شدید سردی کی لہر کے بیچ خطہ لداخ کے قصبہ کرگل میں گزشتہ رات رواں موسم کی اب تک کی سرد ترین رات ریکارڈ کی گئی جس کے دوران یہاں کم از کم درجہ حرارت نقطہ انجمادسے کئی ڈگری نیچے ریکارڈ کیا گیا ۔ اگر چہ خطہ لداخ کے قصبہ لہہ میں رات کے درجہ حرارت میں گزشتہ رات معمولی بہتری ریکارڈ کی گئی تاہم یہ پھر بھی سرد ترین جگہ بنی ہوئی ہے ۔محکمہ موسمیات کے ترجمان کے مطابق کشمیر جموں اور لداخ خطوں میں آئندہ 24گھنٹوں کے دوران موسم خشک رہنے کا امکان ہے تاہم اس عرصے کے دوران مطلع ابر و آلود رہ سکتا ہے۔ انہوں نے کہا وادی میں اگلے پانچ روز کے دوران موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کی توقع ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق سرینگر میں گزشتہ رات 0.4 ڈگری سینٹی گریڈ سے نیچے تھاجبکہ قاضی گنڈ میں کم از کم درجہ حرارت منفی 1.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ رات 0.3 ڈگری سینٹی گریڈ تھا۔ پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 3.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ رات منفی 1.0 ڈگری سینٹی گریڈ تھا۔ اسی طرح سے جنوبی کشمیر میں بھی کوکرناگ میں منفی 0.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ گزشتہ رات منفی 0.5 ڈگری سینٹی گریڈ اور معمول کا درجہ حرارت 0.4 ڈگری سینٹی گریڈ تھا۔شمالی کشمیر کے کپواڑہ قصبے میں گزشتہ رات منفی 1.4 ڈگری سینٹی گریڈ کے مقابلے میں منفی 1.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔گلمرگ میں گزشتہ رات کم سے کم درجہ حرارت منفی 1.5 ڈگری سینٹی گریڈ کے مقابلے میں منفی 1.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔لداخ کے لیہہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 7.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ رات کے منفی 4.5 ڈگری سینٹی گریڈ تھا جبکہ کارگل شہر میں منفی 3.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔۔سرینگر میں اگر چہ صبح لوگوں نے کھلی دھوپ کا نظارہ کیا تاہم یخ بستہ ہوائوں کے نتیجے میں یہاں کا موسم بھی سرد ہی محسوس کیا جارہا ہے۔سرینگر میں بھی رات کے درجہ حرارت میں ہلکی گراوٹ ریکارڈ کی گئی ہے ۔ ادھر وادی کشمیر میں سردیوں کے ایام کے دوران بجلی کی عدم دستیابی کے نتیجے میں لوگ مشکلات سے دو چار ہے جبکہ سردی سے بچنے کیلئے اہلیان کشمیر نے گرم ملبوسات زیر تن کرنا شروع کر دیا ہے اور سردی سے بچنے کیلئے روایتی اور جدید گرمی کے آلات کا استعمال کرنا بھی شروع کر دیا ہے۔










