سیکرٹری صحت نے ضلع ہسپتال کشتواڑ میں آئی بلاک ، اَپ گریڈ شدہ آئی سی یو اور ہائی ڈی پنڈنسی یونٹ کا اِفتتاح کیا

جائزہ میٹنگ کی صدارت کی اور میونسپل کونسل کشتواڑ کے ترقیاتی پروجیکٹوں کا جائزہ لیا

کشتواڑ// سیکرٹری صحت و طبی تعلیم بھوپندر کمار جو ضلع کشتواڑ میں طبی سہولیات اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے کشتواڑ کے دو روزہ دورے پر ہیں ، نے دورے کے دوسرے دِن ڈسٹرکٹ ہسپتال کشتواڑ میں آئی بلاک، اَپ گریڈ شدہ آئی سی یو اور ہائی ڈی پنڈنسی یونٹ( گائنی کے نازک مریضوں کے لئے) سمیت مختلف طبی سہولیات کا افتتاح کیا۔اِس موقعہ پر ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز جموں ڈاکٹر سلیم الرحمن، ضلع ترقیاتی کمشنر کشتواڑ ڈاکٹر دیونش یادو، ڈائریکٹر آیوش ڈاکٹر موہن سنگھ، اے ڈی ڈی سی کشتواڑ شیام لال اور دیگر سینئر افسران موجود تھے۔یہ بات قابلِ ذِکر ہے کہ آئی بلاک میں نیشنل بلائنڈنیس کنٹرول پروگرام (این بی سی پی ) کے تحت ایک آئی وارڈ اور آپریشن تھیٹر بنایا گیا ہے۔سیکرٹری موصوف نے سی ایم او اور ڈی ایچ حکام سے بات چیت کی اور ہسپتال میں مریضوں کی ہیلتھ کیئر سہولیات کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔بھوپندر کمارنے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ آیوشمان بھارت سکیم کے تحت تمام مریضوں کا احاطہ کیا جائے۔ اُنہوں نے ان پر زور دیا کہ وہ ڈسٹرکٹ ہسپتا ل میںڈین این بی کورس متعارف کرنے کے حوالے سے کیس پر کارروائی کریں۔ اُنہوں نے متعلقہ افراد سے ڈی ایچ کے لئے کریٹیکل کیئر ایمبولینس کی خریداری کے عمل کی پیروی کرنے کو بھی کہا۔بعد میں سیکرٹری نے ضلع انتظامیہ، صدر اور ای او میونسپل کونسل کشتواڑ کے علاوہ دیگر کونسل وارڈ ممبران کے ساتھ ایک جائزہ میٹنگ طلب کی۔دورانِ میٹنگ بھوپندر کمار نے کشتواڑ شہر کی میونسپل حدود میں میگا پروجیکٹوں اور سکیموں کی طبعی اور مالی صورتحال کا جائزہ لیا۔اُنہوں نے عمل آوری ایجنسیوں پر زور دیا کہ وہ ان ترقیاتی کاموں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کی رفتار کو تیز کریں۔سیکرٹری صحت و طبی تعلیم بھوپندر کمار نے گزشتہ جائزہ میٹنگ کے فالو اپ کا جائزہ لیتے ہوئے ضلع انتظامیہ اور ایم سی کشتواڑ کی مجموعی کارکردگی میں نمایاں بہتری کے لئے ان کی تعریف کی۔سیکرٹری نے شفافیت اور جوابدہی کو یقینی بنانے کے لئے پورے ایم سی کشتواڑ میں محصولات کی ڈیجیٹل وصولی کوعملانے کے لئے کہا۔اُنہوں نے میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جموںوکشمیر یوٹی حکومت سے نافذ کردہ پراپرٹی تیکس کا مقصد یو ایل بی کو مالی طور پر مضبوط کرنا اور انہیں خود اَنحصار بنانا ہے ۔ اُنہوں نے کہا کہ جمع ہونے والے پراپر ٹی ٹیکس کو میونسپل کونسلوں سہولیات کی بحالی اور اَپ گریڈیشن کے لئے اِستعمال کریںگی۔