قابلِ بھروسہ بجلی کی فراہمی ،قیمتوں میں کفایت شعاری اور بِلنگ میں شفافیت کی ہدایت
سری نگر//وزیربرائے صحت و طبی تعلیم، سماجی بہبود اور تعلیم سکینہ اِیتو نے سول سیکرٹریٹ میں ایک میٹنگ کی صدارت کی اور کولگام ضلع میں بجلی کی فراہمی اور تقسیم کے نظام کا تفصیلی جائزہ لیا۔میٹنگ میں منیجنگ ڈائریکٹر کے پی ڈِی سی ایل محمود شاہ، سپیشل سیکرٹری پاور ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ، چیف اِنجینئر کے پی ڈِی سی ایل، ایس اِی کے پی ڈِی سی ایل بج بہاڑہ، ایگزیکٹو اِنجینئر کے پی ڈِی سی ایل کولگام، تمام اسسٹنٹ ایگزیکٹو اِنجینئر کولگام اور دیگر متعلقہ اِفسران نے شرکت کی۔دورانِ میٹنگ وزیر موصوفہ نے زمینی سطح پر درپیش چیلنجوں، بجلی کے بنیادی ڈھانچے کی صلاحیت اور صارفین کی شکایات کا اَزالہ کیا۔ اِس کے علاوہ ضلع میں بجلی کے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے کے لئے اُٹھائے گئے اَقدامات پر بھی تفصیلی جائزہ لیا۔دورانِ میٹنگ وزیر سکینہ اِیتو نے خطاب کرتے ہوئے عام لوگوں بالخصوص کم آمدنی والے کنبوں کے لئے بجلی کے بِلوں میں من مانی اور غیر ضروری اِضافے پر گہری تشویش کا اِظہار کیا جس سے گھرانوں میں شدید پریشانی کا سامنا ہے ۔اُنہوں نے افسران کو ہدایت دی کہ بجلی کی قابلِ اعتماد فراہمی، قیمتوں میں کفایت شعاری اور بلنگ میں مکمل شفافیت کو یقینی بنایا جائے۔وزیر موصوفہ نے چیف اِنجینئر کے پی ڈِی سی ایل پر زور دیا کہ بجلی کے نرخوں میں کسی بھی اضافے سے قبل ضلع بھر میں لوڈ سروے کیا جائے۔ اُنہوں نے ایگزیکٹو اِنجینئر سے کہا کہ گزشتہ تین برسوں کے دوران ضلع میں کی گئی لوڈ ریویژن سے متعلق ایک تفصیلی رپورٹ پیش کی جائے۔










