Chief Secretary, Dr. Arun Kumar Mehta reviewing functioning of School Education Department

سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ سیکھنے کے نتائج کو بڑھانے کیلئے ’’ مینٹر ٹیچر‘‘ اقدام شروع کرے گا:چیف سیکرٹری

جموں//چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا نے محکمہ سکول ایجوکیشن کے کام کاج اور جاری مالی سال کے دوران مختلف سکیموں کی حصولیابیوں کی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لئے ایک میٹنگ کی صدارت کی۔ میٹنگ میں فائنانس سکول ایجوکیشن کے محکموں کے اِنتظامی سیکرٹریوں ، ڈائریکٹر سکول ایجوکیشن جموں/ کشمیر اور ڈائریکٹر سماگراہ شکھشا نے شرکت کی۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ اِس تعلیمی سال کے دوران یونین ٹیریٹری میں سرکاری اور پرائیویٹ سکولوں کے 22,07,296 طلاب کا مجموعی اندراج رجسٹرکیا جس میں 80 فیصد سکول سرکاری شعبے میں کا م کر رہے ہیں۔یو آئی دی اے آئی کی طرز پر نظر ثانی شدہ آبادی کے تعلیمی اِشاریوں کے مطابق جموںوکشمیر میں پرائمری سطح ، اپر پرائمری سطح ، ہائی سکول اور ہائیر سکینڈری سطح پر مجموعی اندراج کا تناسب 111.65 فیصد، 80.53فیصد ،72.52 فیصد اور 60.53 فیصد بالترتیب ہیں۔میٹنگ میں مزید بتایا گیا کہ محکمہ نے سکول ایجوکیشن سیکٹر میں کئی اہم اصلاحات عملائے ہیں جن میں شفاف اور آسان ٹرانسفر پالیسی کا اجرأ ، کے جی بی وی رہنما خطوط پر عمل درآمد ، اَفیلیشن اور شناختی پورٹل کو برقراررکھنا ، فیس فکسیشن کمیٹی کے لئے قواعد وضع کرنا اور پی ایف ایم ایس پر مبنی کیش لیس لین دین کو یقینی بنانا شامل ہے۔محکمہ نے تعلیمی میدانوں میں صنفی مساوات کو فروغ دینے کے لئے قبائلی اور پسماندہ علاقوں پر خصوصی توجہ دی ہے اور نشاندہ شدہ علاقوں میں لڑکیوں کے 15 ہوسٹل تعمیر کئے ہیں جبکہ اِسی طرح کی 25 سہولیات رواں مالی سال کے آخر تک مکمل کی جائیں گی۔مِڈڈے میل سکیم کے تحت محکمہ خشک راشن اور تمام مستفید ین کو کھانا پکانے کی لاگت کے مساوی نقد رقم کی تقسیم یقینی بنارہا ہے جب تک کہ سکول آف لائن تعلیم دوبارہ شروع نہیں کیا جاتا ۔چیف سیکرٹری نے محکمہ کو ہدایت دی کہ وہ متعلقہ پنچایتوں کے ذریعے سکیم کے تحت فوائد کی تقسیم کی توثیق کرے۔چیف سیکرٹری نے جموںوکشمیر میں قومی تعلیمی پالیسی کے جلد عمل آوری پر زور دیا اور محکمہ کو ہدایت دی کہ تمام 8,000 سرکاری سکولوں میں تیزی سے کندر گارٹن کھولے جائیں جس میں کیپکس اور منریگا کے تحت ذرائع کے ساتھ مناسب ہم آہنگی ہو۔محکمہ سے کہا گیا ہے کہ وہ وِنٹر زون کے سکولوں میں دو ماہ کے اندر اور سمر زون سکولوں میں 31 ؍ مارچ 2022ء تک کندر گارٹنز کو فعال کرنے کو یقینی بنائیں۔چیف سیکرٹر ی نے تلاش سکیم کے تحت سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ سے کہا کہ وہ پنچایتوں میں حصہ لیں اور سکول سے باہر تمام بچوں کا داخلہ کریں اور جموںوکشمیر میں طلاب کے اندرا ج کو یقینی بنائیں۔چیف سیکرٹری نے سرکاری سکولوں میں سکول چھوڑنے کی شرح کا سنجیدگی سے نوٹس لیتے ہوئے محکمہ سکول ایجوکیشن کو ہدایت دی کہ وہ ان اساتذہ پر اَپنی ذمہ داری عائد کرے جو ان نوجوان ذہنوں کو معیاری تعلیم فراہم کرنے میں ناکام رہے۔ڈاکٹر ارون کمار مہتا نے محکمہ سے مزید کہا کہ تمام سرکاری سکولوں میں فوری طور پر بائیو میٹر ک حاضری کے آلات نصب کئے جائیں تاکہ اساتذہ کی حاضری پر نظر رکھی جاسکے بالخصوص دُور دراز علاقوں میں اور عادت سے غیر حاضر رہنے والوں کے خلاف تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے۔اُنہوں نے 31 ؍مارچ 2022 ء سے قبل کلاس VI اور اس سے آگے کے طلباء میں پیشہ ورانہ تربیت کو فروغ دینے کے لیے تمام سکولوں میں ڈیجیٹل لیبارٹریوں کے قیام کی ہدایت دی۔اُنہوں نے محکمہ سکول ڈیولپمنٹ فنڈ کے تحت فراہم کردہ وسائل کو مکمل طور پر استعمال کرنے اور تمام سکولوں میں پینے کے پانی ، بجلی کی فراہمی اور صفائی کی بنیادی سہولیات کے کام کو یقینی بنانے کی ہدایت دی۔