سرکاری ملازمت دلانے کے بہانے بے روزگاروںکو لوٹنے کاکیس

9برسوں سے مفرور ملزم کرائم برنچ کے شکنجے میں پھنس گیا

سری نگر//کرائم برانچ جموں نے سرکاری ملازمتوںکے خواہشمندافراد کو دھوکہ دینے کے الزام میں ایک شخص گرفتارکرلیا ۔جے کے این ایس کے مطابق جموں و کشمیر پولیس کی کرائم برانچ نے جمعرات کے روز ایک ایسے شخص کو گرفتار کیا جو پچھلے 9 سالوں سے مفرور تھا اور اس پر سرکاری ملازمتوں کا بندوبست کرنے کے بہانے لوگوں کو دھوکہ دینے کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ کرائم برانچ کے ایک ترجمان نے بتایا کہ بلال احمد ہنڈو عرف ’ڈاکٹر صاحب‘سکنہ بمنہ سری نگر، کو کرائم برانچ جموں کے اقتصادی جرائم ونگ کی خصوصی ٹیم نے گرفتار کیا۔انہوں نے کہا کہ رنبیر پینل کوڈ کی دفعات کے تحت کرائم برانچ جموں پولیس اسٹیشن میں 2012 میں ایک شخص کی شکایت کے بعد درج کیا گیا تھا کہ اس کے بچوں کے لئے سرکاری نوکریوں کا بندوبست کرنے کے بہانے ایک گروہ نے اس کی محنت کی کمائی لیکر ا سے دھوکہ دیا تھا۔ ترجمان نے کہا کہ ملزم بلال احمد ہنڈو گزشتہ9سالوں سے مسلسل اپنے مقامات بدل کر اپنی گرفتاری سے بچ رہا تھا۔انہوں نے کہا کہ بلال احمد ہنڈو سمیت ملزمان کے خلاف ایک چارج شیٹ 2014 میں فیصلے کیلئے ایک عدالت میں دائر کی گئی تھی جب کہ تفتیش کے دوران ان کے خلاف دھوکہ دہی اورفراڈ کے الزامات ثابت ہو گئے۔ترجمان نے کہا کہ بلال احمد ہنڈو 8واں مفرور ملزم ہے جسے کرائم برانچ جموں نے گزشتہ 9ہفتوں میں مختلف مقدمات میں گرفتار کیا ہے۔