Samoon

سامون نے ’’ کووڈ کریش کورس ‘‘ کے نفاذ کی پیش رفت کا جائیزہ لیا

سرینگر //پرنسپل سیکرٹری سکل ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر اصغر حسن سامون نے کووڈ فرنٹ لائین ورکرز کیلئے کریش کورس کے نفاذ کا جائیزہ لیا ۔ میٹنگ میں ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کشمیر ، چیف میڈیکل آفیسر سرینگر ، پرنسپل اے ایم ٹی سکول سرینگر ذاتی طور پر موجود تھے اور ڈائریکٹر ہیلتھ جموں کے نمائندے ، ایم ڈی سکل ڈیولپمنٹ مشن اور ایم ڈی نیشنل ہیلتھ مشن کے علاوہ جموں و کشمیر کے دیگر سی ایم اوز اور اے ایم ٹی اسکول کے پرنسپلوں نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے شرکت کی ۔ میٹنگ کے آغاز میں کہا گیا کہ کووڈ فرنٹ لائین ورکر ( بنیادی نگہداشت سپورٹ ) تمام کووڈ کئیر ورکرز اور رضا کاروں کیلئے ایک کریش کورس ہے جہاں امیدواروں کو اس جان لیوا بیماری سے بہتر طریقے سے نمٹنے کیلئے تربیت دی جاتی ہے ۔ میٹنگ میں بتایا گیا کہ یہ کورس 8 ماڈیولز پر مبنی ہے جس میں 21 دن کی تھیوری شامل ہے جس کے بعد قریبی میڈیکل کالجوں یا ضلعی ہسپتالوں میں ملازمت کی تربیت دی جاتی ہے ۔ میٹنگ میں مزید بتایا گیا کہ اب تک یو ٹی بھر میں 4500 سے زائد کارکنوں نے تربیت حاصل کی ہے اور انہیں قریبی ہسپتالوں میں عملی ہدایات فراہم کی جائیں گی ۔ میٹنگ میں مزید بتایا گیا کہ 3 ماہ کی آن دی جاب ٹریننگ کا لازمی انتظام ہے جس سے ٹرینرز میں بہتر طریقے اور ذہانت پیدا ہوتی ہے ۔ ڈاکٹر سامون نے افسران پر زور دیا کہ وہ اس کورس کو سنجیدگی سے لیں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ تمام امیدوار تھیوری اور پریکٹیکل دونوں کلاسوں میں باقاعدگی سے شرکت کریں ۔ انہوں نے ان سے کہا کہ وہ انہیں تمام مطلوبہ ہدایات فراہم کریں تا کہ وہ اس کورس کے اختتام پر این ایس ڈی سی کی طرف سے لیا جانے والا ٹیسٹ پاس کر سکیں ۔ انہوں نے کہا کہ تربیتی کورس ہمیں ہیلتھ ورکرز کی ایک فوج فراہم کرے گا جو مستقبل میں بھی صحت کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے موثر ثابت ہوں گے ۔