سال 2025کے دوران آگ لگنے کی 6ہزار 39فون کالز موصول ہوئیں جو گذشتہ سال کے مقابلہ میں 25فیصد کم

سیلاب ، آپریشن سندور ، امرناتھ یاترا کے دوران فائر اینڈ ایمرجنسی کا عملہ پیش پیش رہا /ڈپٹی ڈائریکٹر عاقب احمد

سرینگر//اے پی آئی// رخصت ہونے والے سال کے دوران سال 2024کے مقابلے میں آگ کے واقعات میں 25فیصد کی کمی کا انکشاف کرتے ہوئے ڈپٹی ڈائریکٹر فائر اینڈ ایمرجنسی نے کہا کہ رخصت ہونے والے سال کے دوران ادارے نے لوگوں کے جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنانے ، جائیداد کو بچانے اور ناگہانی آفاتوں کے دوران عوام کو راحت پہنچانے کی ہر ممکن کوشش کی ۔ اے پی آئی نیو زکے مطابق سال 2025رخصت ہونے کے موقعہ پر فائر اینڈ ایمرجنسی محکمہ کی کارکردگی اُجاگر کرتے ہوئے ڈپٹی ڈائریکٹر فائر اینڈ ایمرجنسی عاقب احمد نے کہا کہ یکم جنوری سے 30دسمبر 2025تک آگ لگنے کے 6ہزار 39فون کالز موصول ہوئی جبکہ سال 2024میں اس مدت کے دوران 8ہزار 303اس طرح کی فون کالز موصول ہوئی تھی ۔ انہوںنے کہا کہ فائر اینڈ ایمرجنسی کے ڈائریکٹر نے سال 2022میں آگ اور ناگہانی آفتوں سے نمٹنے کیلئے تربیتی مہم کا آغاز کیا جس کا نتیجہ سامنے آیا اور آگ لگنے کے واقعات میں 25فیصدی کی کمی ہوئی ۔ انہوںنے کہا کہ مہم کے دوران 10لاکھ کے قریب لوگوں کو آگ بجھانے ، ناگہانی آفتوں سے نمٹنے کی تربیت دے دی گئی جس کے مثبت نتائج برآمد ہوئے ۔ ڈپٹی ڈائریکٹر نے اپنی سالانہ کارکردگی اُجاگر کرتے ہوئے کہا کہ 37سیفٹی آڈٹ کئے گئے تاکہ سرکاری اداروںمیں آگ سے نمٹنے کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کا جائزہ لیا اور انہیں آگ سے نمٹنے کیلئے فائر سیفٹی آلات نصب کرنے کی جانکاری فراہم کی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب کے دوران جنوبی کشمیر کے اننت ناگ ، پلوامہ ، اونتی پورہ 60جگہوں سے پانی نکالنے ، لوگوں کو محفوظ مقامات تک پہنچانے کی کارروائیاں انجام دے دی گئیں جبکہ آپریشن سندور کے دوران آگ بجھانے کیلئے اور لوگوں کو محفوظ جگہوں تک منتقل کرنے کیلئے پونچھ ، راجوری ، اوڑی ، کپوارہ کے مضافاتی علاقوں میں فائر اینڈ ایمرجنسی جوانوں نے اپنی خدمات انجام دیں۔انہوںنے کہا کہ امرناتھ یاترا کے دوران عارضی طور پر فائر اینڈ ایمرجنسی نے سال 2025کے دوران 30یونٹ قائم کئے اور اس دوران یاترا پر آنے والے یاتریوں کو سہولیات بہم پہنچائی ۔ انہوںنے کہا کہ فائر اینڈ ایمرجنسی کے ڈائریکٹر آلوک کمار نے بڑی برہمنا جموں میں ٹریننگ سینٹر کا قیام عمل میں لایا جہاں دو بیچوںکو الیکٹرایشن اور آگ بجھانے کی تربیت دے دی گئی ۔ ڈپٹی ڈائریکٹر نے کہا کہ شہروں اور قصبوں میں آگ بجھانے کے دوران مشکلات اور کاوٹیں بھی پیش آتی ہیں ۔ سڑکوں کی تنگی یا سڑکوں پر گاڑیاں ، تعمیراتی سامان ڈالنے سے آگ بجھانے والے عملے کو مشکل پیش آتی ہیں۔ انہوںنے کہا کہ جانکاری مہم نتیجہ خیز ثابت ہوئی اور سال 2024کے مقابلے میں رخصت ہونے والے سال میں آگ لگنے کے واقعات میں 25فیصدی کمی آگئی ہے یہ ایک خوش آئند اقدام ہے ۔