1.30 کروڑ روپے مالیت کی شاپنگ کمپلیکس ضبط
سرینگر// یو این ایس / جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں پولیس نے اتوار کے روز منشیات سے متعلق معاملات میں کارروائی کرتے ہوئے تقریباً 1 کروڑ 30 لاکھ روپے مالیت کی دو منزلہ شاپنگ کمپلیکس کو ضبط کر لیا۔پولیس کے مطابق، یہ کارروائی نارکوٹک ڈرگز اینڈ سائیکوٹروپک سبسٹینسز (NDPS) ایکٹ کی دفعہ 68-F کے تحت عمل میں لائی گئی ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ مذکورہ جائیداد محمد امین صوفی ساکن پتی خاص، ویری ناگ کی ملکیت ہے۔ محمد امین صوفی کے خلاف پولیس اسٹیشن ڈورو میں این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت متعدد مقدمات درج ہیں۔پولیس حکام کے مطابق، اس کارروائی کا مقصد منشیات کی غیر قانونی تجارت سے مبینہ طور پر حاصل کی گئی جائیدادوں کی نشاندہی اور انہیں ضبط کرنا ہے، تاکہ منشیات کے کاروبار سے وابستہ مالی نیٹ ورک کو کمزور کیا جا سکے۔اننت ناگ پولیس نے کہا ہے کہ منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائیاں جاری رہیں گی۔ پولیس کے مطابق، اس اقدام کا مقصد منشیات کی لعنت پر قابو پانا اور معاشرے کو نشے کے مضر اثرات سے محفوظ رکھنا ہے۔










