کہا، اعتماد ، باہمی تعاون اور رہنمائی کے روابط سے بہترین خیالات سامنے آتے ہیں
سری نگر// لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہانے لوک بھون میں مہاراشٹر کے مختلف تعلیمی اِداروں سے تعلق رکھنے والے یووا سنگم کے شرکأ سے بات چیت کی ۔ لیفٹیننٹ گورنر نے ہندوستان کے مستقبل کی تشکیل میں باہمی تعاون، رہنمائی اور قومی یکجہتی کی اہمیت پر زور دِیا۔اُنہوں نے طلبأسے خطاب کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ تبدیلی لانے والے خیالات شاذ و نادر ہی اِنفرادی کوششوں کا نتیجہ ہوتے ہیں ۔ اُنہوں نے واضح کیا کہ بامعنی اِختراع اس وقت سامنے آتی ہے جب باصلاحیت اَفراد، رہنما اور اِدارے اعتماد، تعاون اورسپورٹ کے مشترکہ ماحول میں مل کر کام کرتے ہیں۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ یووا سنگم کی اصل روح مختلف خطوں اور پس منظر سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کے درمیان روابط کو فروغ دینے میں مضمر ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ اِنفرادی صلاحیتیں اس وقت اپنی بہترین سطح تک پہنچتی ہیں جب وہ دیگر صلاحیتوں کے ساتھ مل کر کام کرتی ہیں، خیالات کا تبادلہ کرتی ہیں اور حقیقی زندگی کے مسائل حل کرنے کے لئے اجتماعی کوششیں کرتی ہیں۔اُنہوں نے رہنمائی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے طلبأ کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ اپنے اختراعی خیالات کو ایسے عملی حل میں تبدیل کریں جس سے معاشرے کو فائدہ ہو۔اُنہوںنے کہا کہ ’’ایک بھارت شریشٹھ بھارت‘‘ پہل نے باہمی افہام و تفہیم اور عوامی روابط کو فروغ دے کر ریاستوں اوریوٹیوںکے درمیان ثقافتی، تعلیمی اور سماجی رِشتوں کو مزید مضبوط کیا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ یووا سنگم سیاحت، روایات، ترقی، ٹیکنالوجی اور عوامی روابط پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے نوجوانوں میں اس جذبے کو آگے بڑھانے کے لئے ایک اہم پلیٹ فارم ہے۔
منوج سِنہا نے مہاراشٹر اور جموں و کشمیر کے شاندار تہذیبی ورثے کو بھی اُجاگر کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ دونوں خطوں کے تعلیمی اِداروں کے طلبأ کے درمیان میل جول ہندوستان کے مشترکہ ثقافتی ورثے کو بہتر طور پر سمجھنے میں معاون ثابت ہوتا ہے۔ اُنہوں نے دورے پر آئے طلبأکی حوصلہ افزائی کی کہ وہ تیزی سے بدلتے ہوئے جموں و کشمیر میں اپنے تجربات دوسروں کے ساتھ اِشتراک کریںجو آج سیاحت، سٹارٹ اپس، زراعت، دستکاری، ٹیکنالوجی اور تعلیم جیسے شعبوں میں نئے مواقع فراہم کرتا ہے۔اُنہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر ایک غیر معمولی تبدیلی کے دور سے گزر رہا ہے اور ماضی کو پیچھے چھوڑ کر کاروباری سرگرمیوں، تعلیم اور ثقافتی احیأ کے ذریعے ایک متحرک، ترقی پسند اور بلند عزائم رکھنے والے خطے کے طور پر اُبھر رہا ہے۔ لیفٹیننٹ گورنر نے کہا،’’ہڑتالوں اور پتھراؤ کا دور اَب ماضی کا حصہ بن چکا ہے۔ آج جموں و کشمیر اَپنے ترقی کرتے ہوئے سٹارٹ اَپس کی وجہ سے سرخیوں میں ہے جبکہ سکول، کالج اور کاروباری اِدارے سال بھر بغیر کسی رُکاوٹ کے چل رہے ہیں۔ اُنہوں نے کہا،’’آج سیاحت، سٹارٹ اَپس، زراعت، دستکاری، ٹیکنالوجی اور تعلیم سمیت ہر شعبے میں ترقی کے بے پناہ اِمکانات موجود ہیں۔ جموں و کشمیر کے ہزاروں نوجوان کاروباری اَفراد کامیابی کی نئی داستانیں رقم کر رہے ہیں۔ سری نگر اور جموں میں تھیٹر، موسیقی اور فنون کے لئے متحرک ماحول فروغ پا رہا ہے جبکہ آرٹ نمائشوں اور ثقافتی تقریبات کو اب اس خطے میں ایک فطری مقام حاصل ہو رہا ہے۔میں چاہتا ہوں کہ آپ جموں و کشمیر کی بدلتی ہوئی تصویر اِپنے ساتھ لے جائیںاور اپنے اہلِ خانہ اور دوستوں کو بتائیں کہ آپ نے یہاں کیا دیکھا، کیا تجربہ حاصل کیا اور کیا سیکھا۔‘‘
لیفٹیننٹ گورنر نے آرٹیفیشل اِنٹلی جنس، موسمیاتی تبدیلی اور غلط معلومات کے پھیلاؤ سمیت ابھرتے ہوئے عالمی چیلنجوں کو بھی اُجاگر کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ مستقبل ان معاشروں کا ہوگا جو اعتماد، تعاون اور نوجوانوں کی توانائی پر استوار ہوں گے۔اُنہوں نے شرکأ پر زور دیاکہ وہ پروگرام کے اختتام کے بعد بھی ایک دوسرے سے رابطے برقرار رکھیں، اپنے علم کو سماجی بھلائی کے لئے اِستعمال کریں اور قومی یکجہتی کے سفیر کا کردار اَدا کریں۔ اُنہوں نے تعلیمی اِداروں کی بھی حوصلہ افزائی کی کہ وہ طویل مدتی تعلیمی شراکت داریاں قائم کریںجو دونوں اداروں کو مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ قوم کی تعمیر میں بھی معاون ثابت ہوں۔اُنہوں نے کہا،’’سائنس اور ٹیکنالوجی میں شراکت داری ضروری ہے۔ معاشرے کے حقیقی مسائل کا حل تلاش کرنے کے لئے اَپنے علم اور ہنر کا اِستعمال کریں۔ اَپنے آپ کو قومی اتحاد کا سفیر سمجھیںتاکہ ہر نوجوان معاشرے کو جوڑنے والا پل بنانے والا بن سکے۔‘‘لیفٹیننٹ گورنر نے مہاراشٹر اور این آئی ٹی سری نگر کے طالب علموں کے ساتھ ایک استفساری نشست کے دوران دیرپا ترقی اور اِنسانیت کی عظیم تر بھلائی کے لئے ٹیکنالوجی کے ذَمہ دارانہ اِستعمال پر زور دیا۔اُنہوں نے جموں و کشمیر کے نوجوانوں کو بااِختیار بنانے اوریونین ٹیریٹری بھرمیں غیر دریافت شدہ سیاحتی مقامات کو فروغ دینے کے لئے مرکزی حکومت اور جموں و کشمیر اِنتظامیہ کی جانب سے کی جانے والی مخلصانہ کوششوں کو بھی اُجاگر کیا۔ اِس موقعہ پرلیفٹیننٹ گورنر کے پرنسپل سیکرٹری گووند جیسوال، آئی آئی ٹی ممبئی کی ڈپٹی رجسٹرار وِنگ کمانڈر مانسی سنگر (ریٹائرڈ)،سینئر اسسٹنٹ رجسٹرار پرمیلا ساسلیکر، لیڈ اائوٹ ریچ اینڈ ٹریننگ ہیما اناریڈی، اسسٹنٹ رجسٹرار سنیل کمار سنگھ،سینئر ٹیکنیکل آفیسر دھرمیندر چورسیا،پروگرام کوآرڈینیٹر اپوروا کونڈگیکر،آئی آئی ٹی ممبئی کی ایڈمنسٹریٹیو اسسٹنٹ ریا شنڈے اور این آئی ٹی سری نگر کے فیکلٹی ممبران اور طلبأ موجود تھے۔










