میراتھن کیلئے 3.17 کروڑ روپے انعامی رقم اور فاتح کیلئے 25لاکھ روپے مختص
سری نگر// وزیراعلیٰ عمر عبداللہ نے پولو گراؤنڈسری نگر سے کشمیر میراتھن کے تیسرے ایڈیشن کو ہری جھنڈی دِکھا کر روانہ کیا۔تقریب میںجموں و کشمیر، ملک کے دیگر حصوں اور بیرونِ ملک سے زائد اَز 2000 دوڑنے والوں نے شرکت کی جو قوتِ برداشت ،کھیل کے جذبے اور کشمیر کے بے مثال قدرتی حسن کا جشن منانے کا ایونٹ ہے ۔وزیراعلیٰ نے اکتوبر کی ٹھنڈک سے بھری خوشگوار خزاں کی صبح میں صبح 6.30 بجے’ فل میراتھن‘ (42.195 کلومیٹر) اور اِس کے بعد صبح 7.45 بجے’ ہاف میراتھن‘ (21 کلومیٹر) کو ہری جھنڈی دِکھا کر روانہ کیا۔ یہ میراتھن سری نگر کے کئی مشہور مقامات سے گزرتی ہے جن میں لال چوک، پولو ویو، زیرو برج، گپکار روڈ، بلیوارڈ، دریائے جہلم کا کنارہ، ڈل جھیل،ایس کے آئی سی سی ،فورشور روڈ، کشمیر یونیورسٹی اور مغل باغات شامل ہیں۔اُنہوں نے اِس بات پر زور دیا کہ’ کشمیر میراتھن‘ ایک اہم سپورٹس ایونٹ کے طور پر اُبھر رہاہے جس سے جموں و کشمیرکی عالمی سپورٹس ٹوراِزم کو تقویت مل رہی ہے، سیاحت کو فروغ دے رہاہے اور پورے خطے میںفِٹنس اور صحت مند طرزِ زِندگی کے کلچر کو متحرک کر رہا ہے۔جب دوڑنے والے شہر کی تاریخی سڑکوں، دلکش پانی کے کناروں اور مشہور باغات سے گزرتے ہیں، تو یہ میراتھن مسابقتی کھیل، ثقافتی جوش اور وادی کے شاندار مناظر کا ایک منفرد امتزاج پیش کرتا ہے جس سے بڑے کھیلوں کے مقابلوں کے لئے کشمیر کی حیثیت مزید مستحکم ہوتی ہے۔اِس ایونٹ میں جغرافیائی حدود سے بالاتر ہو کر رجسٹریشنز موصول ہوئیںجو پیشہ ور کھلاڑیوں، فٹنس کے شوقین اَفراد اور طویل فاصلے تک دوڑنے والوں میں اس کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کی عکاسی کرتا ہیں۔ میراتھن کے لئے 1,807 آن لائن رجسٹریشنز ہوئیںجن میں جموں و کشمیر سے 1,221 شرکأ، دیگر ریاستوں سے 513 اور 12 ممالک کی نمائندگی کرنے والے 73 بین الاقوامی دوڑنے والے شامل تھے۔ موقعے پر کی گئی رجسٹریشنز کے ساتھ مجموعی طور پر شرکأکی تعداد 2000 سے تجاوز کر گئی۔اس تیسرے ایڈیشن میں انعامی رقم کی کُل مالیت 3.17 کروڑ روپے ہے جس میں اوپن زُمرے کے فاتح کو 25لاکھ روپے دئیے جائیں گے۔اِس سے قبل وزیرا علیٰ نے 22 ؍اکتوبر کو پولو ویو میں تین روزہ ’میراتھن ایکسپو ‘کا اِفتتاح کیا تھا۔مقامی کھیلوں کی صلاحیتوں کو پروان چڑھانے کی جانب ایک اہم قدم کے طور پر جموں و کشمیر سے تعلق رکھنے والے دوڑنے والوں کے لئے ایک علیحدہ انعامی زُمرہ بھی متعارف کیا گیا ہے۔ اِس اَقدام کا مقصد مقامی کھلاڑیوں کی حوصلہ اَفزائی کرنا، شرکت کے دائرے کو وسیع کرنااور جموں و کشمیر کھلاڑیوں کے لئے ایک بڑے پلیٹ فارم پر مقابلہ کرنے اور نمایاں کارکردگی دِکھانے کے مزید مواقع پیدا کرنا ہے۔اِس موقعہ پر وزیراعلیٰ کے مشیر ناصر اسلم وانی، چیف سیکرٹری اَتل ڈولو، وزیر اعلیٰ کے ایڈیشنل چیف سیکرٹری دھیرج گپتا، صوبائی کمشنر کشمیر انشل گرگ، سیکرٹری سیاحت اَونی لواسا، ڈائریکٹر سیاحت کشمیر سیّد قمر سجاد اور دیگر سینئر افسران و اہلکار موجود تھے۔










