Rohit Kansal

روہت کنسل نے بڈگام ضلع میں پاور سیکٹر کے کام کاج کا جائزہ لیا

سری نگر//پرنسپل سیکرٹری پاور ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ اور محکمہ اطلاعات روہت کنسل نے بڈگام ضلع کے پاور ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے کام کاج کا جائزہ لینے کے لئے ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کی۔اُنہوں نے ضلع میں جاری تمام مرکزی اور یوٹی سطح کے پروجیکٹوں کا جائزہ لیا ۔اِس کے علاوہ سرمائی تیاریوں ، زیر اِلتوأ منصوبوں اور ضلع کے کپیکس بجٹ کے تحت دیگر منصوبوں کا جائزہ لیا۔ضلع ترقیاتی کمشنر بڈگام شہباز مرزا نے پرنسپل سیکرٹری کا خیر مقدم کیا اور انہیں ضلع میں بجلی صورتحال کے بارے میں جانکاری دیااور بجلی منظرنامے پر تفصیلی پرزنٹیشن پیش کی۔ پرنسپل سیکرٹری کوبتایا گیا کہ 50 ایم وی اے نوبُگ چاڈورہ گرڈ سٹیشن جو تقریباً ایک دہائی سے بند تھا اس برس مکمل ہو گیا ہے ۔ اِس کے مکمل ہونے سے ناگام ، چرارِ شریف اور دیگر علاقوں کو کٹوتی کے اوقات میں کمی سے بڑی راحت فراہم ہوئی۔پرنسپل سیکرٹری روہت کنسل نے کہا کہ لوگوں کو مزید راحت فراہم کرنے کے لئے 10ایم وی اے واٹر وانی رسیونگ سٹیشن کو 15 ؍ دسمبر تک مکمل اور شروع کیا جانا چاہیئے ۔اُنہوں نے اَفسران کو بڈگام گرڈ سٹیشن کو اگلے برس بڑھانے اور ضلع میں پاور سیکٹر کو بہتر بنانے کے لئے دیگر تمام رُکاوٹوں کو دور کرنے کی بھی ہدایت دی۔روہت کنسل نے کہا کہ بڈگام ضلع کے بیشتر علاقوں میں بجلی سپلائی میں نمایاں اِضافہ کیا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ایک معقول اور منصفانہ کٹوتیوں کا شیڈول مناسب طریقے سے وضع کرنا اور اِس پر سختی سے عمل کرنا ضروری ہے۔اُنہوں نے اَفسران سے بجلی کی غیر مقررہ کٹوتیوں اور بجلی کی خراب سپلائی کے بارے میں تفصیلات طلب کیں اور انہیں سختی سے سے اِس بات کو یقینی بنانے کی ہدایت دی کہ کوئی غیر شیڈول کٹوتی نہ کی جائے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال کی صورت میں صارفین کو مناسب معلومات فراہم کی جائیں۔پرنسپل سیکرٹری نے اے ٹی اینڈ سی نقصانات اور محصولات کی پیداوار کا جائزہ لیتے ہوئے اَفسوس کا اِظہار کیا کہ نقصانات اور محصولات کی وصولی کی پوزیشن سنگین تشویش کا باعث بنی ہوئی ہے ۔ اُنہوں نے کہا کہ نقصانات میں کمی اور بلا تعطل فراہمی ایک سکے کے دو رُخ ہیں۔اُنہوں نے کہاکہ اگر بجلی کا غیر قانونی استعمال اور چوری بلا روک ٹوک جاری رہی تو بجلی کی فراہمی کے لئے محکمے کی پوزیشن سخت رکاوٹ بن جائے گی۔روہت کنسل نے ان تمام فیڈروں کی تفصیلی فہرست بھی طلب کی جو 80 فیصد سے زائد نقصان کا شکار ہیں اور فیلڈ سٹاف کو فوری تدارک کرنے کی ہدایت دی۔اُنہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر بڈگام شہباز مرزا سے کہا کہ وہ کروڈ ہیٹنگ آلات کو ضبط کرنے کے لئے سخت مہم چلانے میں محکمہ کو ہر ممکن تعاون فراہم کریں اور اِس سلسلے میں عوام سے تعاون حاصل کریں۔اُنہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ بجلی کا صحیح استعمال کریں اور بجلی کے غیر قانونی استعمال سے باز رہیں۔بعد میں پرنسپل سیکرٹری روہت کنسل نے نوبُگ گرڈ سٹیشن کا بھی دورہ کیا اور اس کے کام کاج کا جائزہ لیا۔ اُنہوں نے 50ایم وی اے کی گنجائش کے اِضافے سے گرڈکے کام میں پیش رفت کا جائزہ لیا اور اُنہوں نے ہدایت دی کہ کام میں سرعت لاکر رواں مالی سال میں مکمل کیا جائے ۔میٹنگ میں منیجنگ ڈائریکٹر کشمری پاور ڈیولپمنٹ کارپوریشن لمٹیڈ بشارت قیوم ، سیکرٹری (ٹیک) بشیر احمد ڈار، چیف اِنجینئر کے پی ڈی سی ایل اعجاز احمد ، چیف اِنجینئر پروجیکٹس جاوید ڈار، چیف اِنجینئر ٹرانسمیشن حشمت قاضی اور سپر اِنٹنڈنگ اِنجینئران ، ایگزیکٹیو اِنجینئران ، مختلف اِداروں کے اَفسران ، فیلڈ عملے نے شرکت کی۔