leopard

رنگ پورہ، الٰہی باغ اور دیگر ملحقہ علاقوں میں تیندوے کی دہشت

محکمہ وائلڈ لائف کی ٹیموں نے پھندے لگائے ، کسی بھی سکول میں تیندوا نہیں ، لوگ پریشان نہ ہوں

سرینگر///سرینگر کے مضافاتی علاقہ جات، رنگ پورہ، الٰہی باغ، بژھ پورہ، لالبازار ، گلاب باغ اور دیگر ملحقہ علاقوں میں گزشتہ کئی دنوں سے تیندوے کو دیکھنے کی اطلاعات لگاتار آنے کے بیچ محکمہ وائلڈ لائف نے مختلف علاقوں میںپھندے لگائے ہیں اور کئی سکولوں میں اپنی ٹیموں کو تعینات کیا ہے ۔ اس بیچ حکام نے بتایا ہے کہ کسی بھی سکول میں تیندوا نہیں دیکھا گیا ہے اور لوگوں کو افواہوں پر کان نہیں دھرنا چاہئے ۔ وائس آف انڈیا کے مطابق سرینگر کے مضافاتی علاقہ جات رنگ پورہ، الٰہی باغ، بژھ پورہ، کنہ تار ، لالبازار، گلاب باغ ، زکورہ ، ملہ باغ میں عید کی شام سے ہی تیندوے نے دہشت مچادی ہے اور ہر روز کسی نہ کسی علاقے سے تیندے کے دکھائی دینے کی اطلاعات موصول ہورہی ہیں۔ اس بیچ ملہ باغ علاقے میں تیندوے کی موجودگی کی اطلاعات کے بعد محکمہ وائلڈ لائف کے اہلکاروں نے احتیاطی اقدام کے طور پر چند اسکولوں میں متعدد ٹیمیں تعینات کی ہیں۔وائلڈ لائف کے ایک سینئر اہلکار نے بتایا کہ انہوں نے علاقے میں کڑی نظر رکھنے کے لیے آر پی اسکول اور گرین ویلی اسکول سمیت کئی اسکولوں میں متعدد ٹیمیں تعینات کی ہیں۔اہلکار نے مکینوں سے گھبرانے کی ضرورت نہیں اور اسکولوں کے حکام پر زور دیا کہ وہ معمول کا کام کریں۔انہوں نے کہا کہ وہ مسلسل بارش کی وجہ سے علاقے میں ڈرون سروے نہیں کر سکے اور موسم میں بہتری آنے پر وہ ایسا ہی کریں گے۔رنگ پورہ، الٰہی باغ میں تیندوے کے نظر آنے کی خبریں سوشل میڈیا پر منظر عام پر آنے کے بعد، محکمہ جنگلی حیات نے بھی ملہ باغ کے علاقے میں جانور کی موجودگی کی تصدیق کی۔حکام نے لوگوں سے کہا ہے کہ وہ محتاط رہیں اور بچوں کو باہر جانے کی اجازت نہ دیں، خاص طور پر صبح اور شام کے اوقات میں لوگ بغیر لائٹ اور اکیلے باہر نہ جائیں ۔ ادھر حکام نے بتایا ہے کہ ابھی تک کسی بھی سکول میں تیندوے کو نہیں دیکھا گیا ہے اسلئے لوگ افواہوں پر کان نہ دھریں اور سکولوں میں کام کاج حسب معمول جاری رکھا جائے گا۔