دہشت گردی اور دہشت گردوںکی خوشنودی کانگریس کی تاریخ

بغیر وارنٹی کے اسکی انتخابی ضمانت جھوٹ پرمبنی ,کرناٹک میں انتخابی جلسے سے وزیر اعظم نریندر مودی کا خطاب

سری نگر//وزیر اعظم نریندر مودی نے منگل کو الزام لگایا کہ کانگریس کی تاریخ ’’دہشت گردی اور دہشت گردوں کو خوش ‘‘کرنے کے بارے میں ہے، اور پارٹی نے ملک کی دفاعی افواج پر سوال اٹھایا تھا، جب سرجیکل اسٹرائیک اور ہوائی حملے کیے گئے تھے۔جے کے این ایس مانٹرینگ ڈیسک کے مطابق کرناٹک کے چتردرگہ علاقے میں ایک انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کانگریس اور جے ڈی (ایس) پردہشت گردی کی حوصلہ افزائی کا الزام لگایا اور کہا کہ وہ کرناٹک میں کبھی بھی سرمایہ کاری نہیں بڑھا سکتے اور ریاست میں نوجوانوں کیلئے نئے مواقع پیدا نہیں کر سکتے۔انہوںنے کہاکہ کرناٹک کے لوگوں کو کانگریس کی تاریخ اور سوچ کو کبھی نہیں بھولنا چاہئے۔ کانگریس کی تاریخ دہشت اور دہشت گردوں کو خوش کرنے کی ہے۔وزیر اعظم نریندر مودی نے کہاکہ جب دہلی میں بٹلہ ہاؤس انکاؤنٹر ہوا، دہشت گردوں کی موت کی خبر سن کر کانگریس کے سب سے بڑے لیڈر کی آنکھوں میں آنسو آگئے۔ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے،وزیر اعظم نریندر مودی نے کہاکہ جب سرجیکل اسٹرائیک ہوا، جب ہوائی حملے ہوئے، کانگریس نے ملک کی دفاعی فورسز کی صلاحیت پر سوال اٹھائے۔انہوں نے عوام سے مخاطب ہوکہاکہ کرناٹک میں آپ نے دیکھا ہے کہ کانگریس کس طرح دہشت گردی کی حوصلہ افزائی کر رہی ہے۔ کانگریس نے کرناٹک کو دہشت گردوں کے رحم وکرم پر چھوڑ دیا تھا۔انہوں نے کہاکہ یہ بی جے پی ہے جس نے دہشت گردوں کی کمر توڑ دی ہے، اور خوشامد کے کھیل کو ختم کر دیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایک خوشحال کرناٹک کیلئے اور اسے نمبر بنانے کے لیے ریاست کا محفوظ ہونا ضروری ہے۔وزیر اعظم نریندر مودی نے کہاکہ کانگریس اپنی وارنٹی اور عوام کا اعتماد کھو چکی ہے، وزیر اعظم نے کہا کہ بغیر وارنٹی کے اس کی انتخابی ضمانت جھوٹ کے سوا کچھ نہیں ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ بی جے پی کے انتخابی منشور میں کرناٹک کو ملک کی نمبر ایک ریاست بنانے کا روڈ میپ ہے۔مرکزی وزیر اے نارائن سوامی اور داونگیرے کے ایم پی جی ایم سدھیشورا سمیت دیگر موجود تھے۔