48گھنٹوںمیں مرکز کی جانب سے اہم اعلان متوقع
اعلیٰ سطحی میٹنگ کے بعد 31 اگست کو ٹائم فریم پر مثبت بیان دے سکوں گا:سپریم کورٹ میں سالیسٹر جنرل کابیان
سری نگر// مرکز نے، جس کی نمائندگی سالیسٹر جنرل آف انڈیا تشار مہتا نے کی، نے منگل کو سپریم کورٹ کو بتایا کہ لداخ ایک مرکز کے زیر انتظام علاقہ کے طور پر اپنی حیثیت برقرار رکھے گا۔ تاہم، جموں و کشمیر کی حیثیت سے متعلق اہم اعلان مرکز کی طرف سے اگلے48 گھنٹوں میں کیا جائے گا۔اسے پہلے سپریم کورٹ نے جموں و کشمیر کی ریاستی حیثیت کو بحال کرنے کیلئے مرکز سے ٹائم فریم مانگا۔جے کے این ایس مانٹرینگ ڈیسک کے مطابق دفعہ 370معاملے کی سماعت کے12ویں روزسپریم کورٹ نے مرکز سے کہا کہ وہ بتائے کہ کیا جموں و کشمیر کو ریاست کا درجہ بحال کرنے کا کوئی ٹائم فریم ہے؟۔سپریم کورٹ نے آرٹیکل 370 کی منسوخی کو چیلنج کرنے والی عرضیوں کی سماعت کرتے ہوئے منگل کو مرکز سے کہا کہ وہ بتائے کہ آیا جموں و کشمیر کو ریاست کا درجہ بحال کرنے کا کوئی ٹائم فریم ہے، اور اس پیشرفت کے لئے ایک روڈ میپ ہے۔سالیسٹر جنرل تشار مہتا، جو مرکز کی نمائندگی کر رہے ہیں، نے عدالت عظمیٰ کو بتایا کہ مرکز کے زیر انتظام جموں و کشمیر کی موجودہ حیثیت عارضی ہے، انہوں نے مزید کہا کہ وہ اعلیٰ سطحی میٹنگ کے بعد 31 اگست کو ٹائم فریم پر مثبت بیان دے سکیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ لداخ، تاہم، ایک مرکز کے زیر انتظام علاقہ رہے گا۔تشار مہتا کاکہناتھاکہ لداخ کو یونین ٹیریٹری بنائے رکھا جائے گا۔انہوںنے ساتھ ہی کہاکہ مرکز 2 دنوں میں جموں و کشمیر کی صورتحال پر مثبت پیش رفت کا اعلان کرے گا۔قابل ذکر ہے کہ یہ اپ ڈیٹ یااہم پش رفت آرٹیکل370 کی منسوخی کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے والی عرضیوں کی ایک سیریز کی سماعت کے دوران سامنے آیا۔ جموں و کشمیر کو ریاست کی حیثیت میں بحال کرنے کے ٹائم فریم کے بارے میں عدالت عظمیٰ کی جانب سے پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے سالیسٹر جنرل مہتا نے کہاکہ میں نے ہدایات لی ہیں۔ ہدایات یہ ہیں کہ جموں وکشمیر کیلئے UT ایک مستقل خصوصیت نہیں ہے۔ لیکن لداخUT رہے گا۔سالیسٹر جنرل مہتا نے لداخ میں انتخابی منظر نامے کا مزید خاکہ پیش کیا۔ انہوں نے نوٹ کیا کہ بلدیاتی انتخابات 2020 میں ہوئے تھے، جنہیں2یونٹوں میں تقسیم کیا گیا تھا: لیہہ اور کارگل۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ لداخ خود مختار پہاڑی ترقیاتی کونسل لیہہ کے انتخابات اکتوبر2023 کو ہونے والے ہیں، جس میں 26 نشستیں ہیں۔ اسی طرح، کارگل خود مختار پہاڑی ترقیاتی کونسل کے انتخابات 10 ستمبر2023 کو ہونے والے ہیں، اس طرح لداخ کے انتخابی عمل کے اختتام کو یقینی بنایا جائے گا۔اپنی پیشکش میں، سالیسٹر جنرل تشار مہتا نے 2019 بل کی منظوری سے قبل لوک سبھا میں ہونے والی بحث کے دوران مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کے بیان کا حوالہ دیا۔امت شاہ کے بیان نے اشارہ کیا کہ ایک بار جب حالات معمول پر آجائیں گے تو حکومت جموں و کشمیر کو ریاست کا درجہ دینے پر غور کرے گی۔مزید برآں، سالیسٹر جنرل مہتا نے تنظیم نو کے تناظر میں آرٹیکل 3 اور 4 کی طرف توجہ دلاتے ہوئے قانونی پہلوؤں پر غور کیا۔ انہوں نے تجویز پیش کی کہ کسی ریاست کو مرکز کے زیر انتظام علاقے میں تبدیل کرنے کے امکانات موجود ہیں، اس صورتحال کو مجموعی طور پر دیکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔اس پیش رفت سے توقعات وابستہ ہیں کیونکہ جموں و کشمیر کی حیثیت کے بارے میں مرکز کے آنے والے بیان کا بے صبری سے انتظار ہے۔










