دستکاری ورثے کو محفوظ کرنے اور ہنر مند کاریگاروں کو معاشی طور پر بااختیار بنانے کیلئے حکومت پرعزم ۔ نائب وزیر اعلیٰ

سرینگر//نائب وزیر اعلیٰ مسٹر سریندر کمار چودھری نے تاریخی پولو ویو مارکیٹ میں مشہور ’ سول فُل کشمیر ‘ برانڈنگ مہم کے تحت ’ ناؤ یور آرٹیزن‘ سیریز کی تیسری ایڈیشن کا افتتاح کیا ۔ کمشنر سیکرٹری انڈسٹریز اینڈ کامرس وکرم جیت سنگھ تقریب میں مہمان اعزازی کے طور پر موجود تھے جبکہ ڈائریکٹر ہینڈی کرافٹس اینڈ ہینڈ لوم کشمیر مسرت السلام کے علاوہ متعلقہ محکمہ کے سینئر افسران اور کاریگر بھی پروگرام میں شریک تھے ۔ تقریب کے آغاز میں نائب وزیر اعلیٰ نے سٹالوں کا دورہ کیا جہاں کشمیر کی دستکاری کے شاہکاروں کا فاخر پشمینہ شالوں اور کانی بروکیڈز سے لے کر پیچیدہ پیپر ماشی آثار اور ماحول دوست نمدہ قالینوں تک ایک سپیکٹرم دکھایا گیا تھا ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے نائب وزیر اعلیٰ نے اس اقدام کی وسیع اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ یہ پروگرام حکومت کی عالمی سطح پر برانڈ جے اینڈ کے کو اجاگر کرنے ، ہمارے دستکاری ورثے کو محفوظ کرنے اور ہمارے ہنر مند کاریگروں کو معاشی طور پر بااختیار بنانے کی غیر متزلزل وابستگی کو ظاہر کرتے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا ’’ ان انمول روایات کو نمایاں کر کے ہم نہ صرف اپنے ماضی کا احترام کرتے ہیں بلکہ پائیدار روز گار کیلئے ایک متحرک مستقبل بھی بنتے ہیں ۔ ‘‘ انہوں نے محکمہ کی اس بات کی بھی تعریف کی کہ اس تقریب کو ’ سول فُل کشمیر ‘ مہم کے تحت ایک فلیگ شپ پروگرام کے طور پر شروع کیا گیا ہے تا کہ کشمیر کے عالمی شہرت یافتہ ہینڈی کرافٹس اور ہینڈ لومز کو بحال اور کمرشلائیز کیا جا سکے ۔ مسٹر چودھری نے تمام اسٹیک ہولڈرز پر زور دیا کہ وہ کشمیر کے ناقابل قدر ثقافتی خزانوں کے تحفظ اور فروغ کیلئے متحد ہو کر حمایت کریں ۔ اس ویژن کی باز گشت کرتے ہوئے کمشنر سیکرٹری نے نسلوں کے تسلسل پر زور دیا اور ایک ایسے مستقبل کی اپیل کی جہاں جدت ورثے سے ملے تا کہ ہماری نوجوان نسل اس عمدگی کی میراث کو وراثت میں پا کر اس پر جدت لا سکے ۔ بعد میں نائب وزیر اعلیٰ نے 11 ماسٹر کاریگروں کو خراجِ تحسین پیش کیا جن کے کام کشمیر کی زندہ ورثہ کی عکاسی کرتے ہیں اور وہ قدیم تکنیکوں کے نگہبان ہیں ۔