Irked by dilapidated road, Khumani Chowk residents stage protest

خستہ حال سڑک کولیکرخمینی چوک بمنہ میں ہڑتال اور پُرامن احتجاج

اُٹھنے والا گردوغبار مقامی آبادی بشمول طلبہ کیلئے عذاب ،متعلقہ محکمے پرعدم توجہی کاالزام ،حکام بالا سے فوری توجہ کی اپیل

سری نگر//سڑک کی خستہ حالی اور یہاں اُٹھنے والے گردوغبار کی وجہ سے درپیش مشکلات کولیکر خمینی چوک بمنہ میں منگل کو احتجاجی ہڑتال رہی جبکہ اس دوران اسکولی طلباء وطالبات نے متعلقہ محکمہ کی عدم توجہی کیخلاف پُلے کارڈس اُٹھا کر اپنی سخت ناراضگی کااظہار کیا ۔جے کے این ایس کے مطابق سری نگر ،بڈگام روڑ پر واقع خمینی چوک میں منگل کو صبح سے ہی تمام دکانات بند رہے اور یہاں ہڑتال کا سما ں ہا ،کیونکہ یہاں کی آبادی ایک سال سے خستہ حالت میں پڑی سڑک سے اُٹھنے والے گردوغبار سے تنگ آچکے ہیں ۔مقامی لوگوںنے بتایاکہ ایک سال قبل اس روڑ کی مرمت اور تجدید کاکام مکمل کیاگیا ،اور سڑک کے کنارے ڈرین تعمیر کرنے کاکام بھی مکمل ہوگیا،تاہم اسکے بعد کام روک دیاگیا ،اور تب سے اس سڑک کی مرمت یعنی اس پر تارکول بچھانے کاکام التواء میں ڈال دیاگیا۔انہوںنے کہاکہ غارپورہ سے خمینی چوک تک کی سڑک محض ایک کلومیٹر سے بھی کم ہے ،لیکن اس پر تارکول ڈالنے میں متعلقہ محکمہ نے آج تک کوئی دلچسپی نہیں لی جبکہ بقول لوگوںکے وہ متعلقہ حکام کو یادکراتے تھک گئے ۔اس دوران مختلف اسکولوں کے وردی پوش طلباء و طالبات ہاتھوں میں پُلے کارڈس اُٹھائے ،خمینی چوک میں جمع ہوئے ،اورانہوںنے سڑک کی خستہ حالی کو لیکر اپنا احتجاج درج کرایا۔طلباء وطالبات کاکہناتھاکہ اسکول آتے اورواپس گھر جاتے وقت اُنکو گردوغبار کاسامنا کرنا پڑتا ہے ۔انہوںنے بتایاکہ سڑک سے اُٹھنے والے گردوغبار کی وجہ سے نہ صرف ہماری وردیاں خراب ہو جاتی ہیں ،بلکہ اگر ہم اپنے منہ ڈھانپ کرنہ چلیں تویقینا بیمار پڑجانے کا خطرہ رہتا ہے ۔طلبہ کا حکام سے مطالبہ تھاکہ غار پورہ سے خمینی چو ک تک خستہ حالت میں پڑی سڑک پر بلا تاخیر تارکول ڈالا جائے ،تاکہ اُن کو اورمقامی آبادی کو گردوغبار سے نجات مل سکے ۔اس دورا ن مقامی لوگوںنے بتایاکہ سڑک کی تعمیروتجدیدکی ذمہ داری سٹی روڈس ڈویژن کی ہے ،لیکن اس محکمے کے انجینئر کوئی دلچسپی نہیں لے رہے ہیں ،جسکے باعث مقامی آبادی کی زندگیاں اجیرن بن چکی ہیں ۔احتجاج میں شامل دکانداروںنے کہاکہ گاڑیاں چلتے وقت یا تیز ہوا چلتے ہی سڑک سے اُٹھنے والاگردوغبار دکانات کے اندر چلاجاتا ہے ،جسکی وجہ سے سامان خراب ہو جاتاہے اور ہم گردوغبار سے لپٹے کھانے پینے کے سامان کو بعدازاں کوڑے دان میں پھینک دیتے ہیں ۔دریں اثناء مقامی لوگوں کاایک وفد ڈی سی آفس بڈگام متعلقہ ضلع ترقیاتی کمشنر سے ملنے کیلئے گیاتاکہ اُنھیں درپیش مشکلات کی جانکاری فراہم کی جاسکے ۔