جے کے پی سی سی سٹون کرشرز یونٹوںکے قیام کیلئے ماحولیاتی اصولوں کی سختی سے تعمیل یقینی بناتی ہے

جے کے پی سی سی سٹون کرشرز یونٹوںکے قیام کیلئے ماحولیاتی اصولوں کی سختی سے تعمیل یقینی بناتی ہے

جنوری 2025سے اَب تک 517 یونٹوں کا معائینہ ، 229 یونٹوں کوقانونی نوٹس اور 146 یونٹوں کی بندش کے احکامات جاری کئے گئے ہیں ۔جاوید رانا

سری نگر//حکومت نے قانون ساز اسمبلی کو مطلع کیاکہ جموں و کشمیر پولیوشن کنٹرول کمیٹی (جے کے پی سی سی) نے جنوری 2025 سے اَب تک یونین ٹیریٹری میں 517 کرشر یونٹوں کا معائینہ کیاہے اور ماحولیاتی و آلودگی پر قابو پانے کے اصولوں کی خلاف ورزی پر 229 یونٹوں کوقانونی نوٹس اور 146 یونٹوں کی بندش کے احکامات جاری کئے ہیں۔اِن باتوں کا اِظہار وزیر برائے جنگلات و ماحولیات جاوید احمد رانا نے رُکن اسمبلی اعجاز احمد جان کے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کیا۔اُنہوںنے کہا کہ صوبہ کشمیر میں 318 کرشر یونٹوں کا معائینہ کیا گیا، 154 قانون نوٹس جاری کئے گئے اور 112 بندش کے احکامات دئیے گئے۔ صوبہ جموں میں 199 معائینے کئے گئے جس کے نتیجے میں 75 یونٹوں کوقانونی نوٹس اور 34 یونٹوں کوبندش کے احکامات جاری ہوئے۔حکومت نے بتایا کہ یہ احکامات ’واٹر ( پرونشن اینڈ کنٹرول آف پولیوشن) ایکٹ 1974 ‘اور ’ائیر (پرونشن اینڈ کنٹرول آف پولیوشن ) ایکٹ 1981 ‘کی متعلقہ دفعات کے تحت جاری کئے گئے۔ یہ کارروائی دیگر وجوہات کے علاوہ ان یونٹوں کے خلاف کی گئی جو متعلقہ ڈپٹی کمشنر کے مطلوبہ این او سی کے بغیر، جے اینڈ کے پولیسن کنٹرول کمیٹی کی اجازت کے بغیر اور آلودگی پر قابو پانے کے مناسب یا مطلوبہ اقدامات کے بغیر کام کرتے ہوئے پائے گئے۔حکومت نے جنوری 2025 سے اب تک ضلع پونچھ میں قیام کے لئے منظور شدہ چار سٹون کرشروں کی تفصیلات بھی فراہم کیںجو سیری چوانہ، سلوتری اور بھینچ کے علاقوں میں واقع ہیں اور جن کی منظوری مقررہ اصولوں اور معیارات کے مطابق دی گئی۔جاوید رانا نے کہا کہ یونین ٹیریٹری میں سٹون کرشر لگانے اور چلانے کی اِجازت صرف مقررہ ماحولیاتی اصولوں،مقام کے تعین کے معیار اور متعلقہ ضوابط کی پاسداری کو یقینی بنانے کے بعد ہی دی جا رہی ہے۔اُنہوں نے کہا کہ رضامندیاں مجاز اتھارٹی کے مقرر کردہ معیارات اور اصولوں کے مطابق دی گئی ہیں، اور ساتھ ہی جموں و کشمیر میں اسٹون کرشروں کے قیام اور آپریشن سے متعلق ماحولیاتی رہنما خطوط اور مقام کے تعین کے معیار کی مکمل پاسداری کی گئی ہے۔وزیر موصوف نے مزید کہا کہ قابلِ اطلاق فریم ورک میں جے کے پی سی سی آرڈر نمبر 70 آف 2025 بتاریخ 9 ؍مئی 2025 اور سٹون کرشروں کے قیام و آپریشن کے مقام کے معیارات میں بعد کی ترمیم شامل ہے جو جے کے پی سی سی آرڈر نمبر 124۔جے کے پی سی سی آف 2025 بتاریخ 30 ؍اگست 2025 کے ذریعے جاری کی گئی۔حکومت نے ایوان کو یہ بھی بتایا کہ یکم ؍جنوری 2025 ء سے اَب تک سٹون کرشروں کے قیام اور آپریشن کی اِجازت کے لئے 58 درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔ ان میں سے 27 درخواستوں کی منظوری دی گئی، 28 مسترد کر دی گئیںجبکہ ایک درخواست پر کارروائی جاری ہے۔