جموں کے مضافاتی مشہور علاقہ کٹرہ میں واقع ویشنو دیوی بھون میں بھگدڑ

جموں کے مضافاتی مشہور علاقہ کٹرہ میں واقع ویشنو دیوی بھون میں بھگدڑ

ایک درج سے زیادہ یاتریوں کی موت واقع ،15زخمی

سری نگر//جموں کے مضافاتی مشہور علاقہ کٹرہ میں واقع ماتا ویشنو دیوی بھون میں بھگدڑ مچ جانے کے باعث ایک درج سے زیادہ یاتریوں کی موت واقع ہوئی جبکہ15زخمی ہوئے ہیں،جن میں سے کچھ کی حالت نازک بتائی جاتی ہے،اور وہ وینٹی لیٹر پر ہیں۔ڈائریکٹر جنرل پولیس دلباغ سنگھ نے کہاکہ کچھ نوجوانوں کے درمیان معمولی جھگڑے سے ویشنو دیوی میں بھگدڑ مچی گئی جس میں ’بدقسمتی سے12 لوگوں کی موت ہو گئی۔اُدھرشری ماتا ویشنو دیوی نارائنا سپر اسپیشلٹی ہسپتال کے ڈاکٹروںنے بتایاکہ یہاں15زخمیوںکوعلاج کیلئے لایاگیا،جن میں سے 4کی حالت نازک اور11 افراد کی حالت مستحکم ہے جبکہ تین سے چار افراد کو ابتدائی طبی امداد کے بعد فارغ کر دیا گیا۔ادھرحکومت نے اعلیٰ سطحی تحقیقات کا حکم جاری کرتے ہوئے مرنے والوں کے لواحقین کو فی کنبہ 10 لاکھ اور زخمیوں کو 2 لاکھ بطور ایکس گریشا دینے کا بھی اعلان کیا ہے۔جے کے این ایس کے مطابق نئے سال کی آمد پر ماتا ویشنو دیوی مندر میں ہزاروں کی تعداد میں یاتری حاضری دینے کی غرض سے کٹرا پہنچے۔اْنہوں نے کہا کہ سینکڑوں کی تعداد یاتری لمبی لمبی قطاروں میں اپنی بھاری کا انتظار کر رہے تھے کہ اسی اثنا میں وہاں دو گروپوں کے درمیان کسی بات پر بحث ہوئی اور وہ بھاگنے لگے جس وجہ سے زبردست بھگدڑ مچ گئی اور لوگ ایک دوسرے پر گر پڑے۔علاوہ ازیں پولیس سی سی ٹی وی فوٹیج کا بھی جائزہ لے رہی ہیں کہ بھگدڑ کا یہ واقع کیسے اور کن حالات میں وقوع پذیر ہوا۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ نئے سال کی آمد پر ماتا ویشنو دیوی مندر میں حاضر ی دینے کے لئے سینکڑوں کی تعداد میں یاتری کل شام یہاں پہنچے جس وجہ سے مندر میں کافی بھیڑ جمع ہوئی۔اْن کے مطابق صبح2بجکر 45 منٹ پر ماتا ویشنو دیوی بھون میں بھاری بھیڑ کے بیچ دو گروہوں کے درمیان کسی بات پر تو تو میں میں شروع ہوئی جس وجہ سے بھون میں بھگدڑ مچ گئی۔ذرائع نے بتایا کہ ابتدائی اطلاعات میں 12 یاتریوں کی موت واقع ہوئی ہے جبکہ 13شدید طورپر زخمی ہوئے جنہیں علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی اسپتال منتقل کیا گیا۔سرکاری ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ کا بھی امکان ہے۔اس دوران مزید4زخمیوں کی موت واقعہ ہونے کی اطلاع ملنے کے بعدمرنے والوںکی تعداد16تک پہنچ گئی ۔شری ماتا ویشنو دیوی نارائنا سپر اسپیشلٹی ہسپتال کے نیورو سرجن ڈاکٹر جے پی سنگھ نے کہاکہ پہلی ہلاکتیں صبح 3 بجے کے قریب ہمارے ہسپتال پہنچیں۔ انہوںنے بتایاکہ ہمیں تقریباً15 مریض موصول ہوئے لیکن ان میں سے4 کی حالت تشویشناک ہے۔ ڈاکٹر جے پی سنگھ نے کہاکہ جب وہ ہسپتال پہنچے تو وہ بے ہوش تھے اور وہ اب بھی وینٹی لیٹرز پر آئی سی یو میں ہیں،‘‘ ۔موصوف ڈاکٹر کے مطابق 11 افراد کی حالت مستحکم ہے جن میں سے تین سے چار افراد کو ابتدائی طبی امداد کے بعد فارغ کر دیا گیا۔دریں اثنا پولیس چیف دلباغ سنگھ نے بتایا کہ ماتا ویشنو دیوی بھون میں بھگدڑ کے باعث 12یاتری فوت ہوئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات میں پتہ چلا ہے کہ بھون کے اندر بھاری بھیڑ کے بیچ دو گروپوں کے درمیان کسی بات پر تو تو میں شروع ہوئی جس وجہ سے بھگدڑ کا ماحول پھیل گیا۔جموں و کشمیر کے ڈائریکٹر جنرل آف پولیس دلباغ سنگھ نے جاری ایک بیان میں اس بات کی تصدیق کی کہ کچھ نوجوان لڑکوں کے درمیان ہوئے معمولی جھگڑے کی وجہ سے ماتا ویشنو دیوی کے مندر میں بھگدڑ مچی جس میں ’’بدقسمتی سے‘‘ 12 لوگوں کی موت ہو گئی۔دلباغ سنگھ نے کہا کہ یہ واقعہ انتہائی افسوسناک تھا، اور پولیس اور دیگر اہلکاروں نے فوری طور پر صورتحال پر ردعمل ظاہر کیا۔سنگھ نے کہا کہ جائے وقوعہ سے ابتدائی معلومات سے پتہ چلتا ہے کہ کچھ نوجوان لڑکوں کے درمیان جھگڑا ہوا تھا، اور سیکنڈوں میں بھگدڑ کی صورتحال پیدا ہوگئی۔انہوں نے کہاکہ ’’پولیس اور سول انتظامیہ کے اہلکاروں نے فوری جواب دیا، اور ہجوم جلدی سے قابو کر لیا، لیکن اس وقت تک نقصان ہو چکا تھا‘‘۔پولیس سربراہ نے بتایا کہ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا،جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس حادثے میں15 افراد زخمی ہیں۔دریں اثناء جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے ماتا ویشنو دیوی بھون کٹرا جموں میں بھگدڑ مچ جانے سے ہوئے جانی نقصان پر دکھ کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ بھگدڑ سے 12 زائرین جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوئے۔اْن کے مطابق یہ واقع کیسے رونما ہوا اس کی تحقیقات کرنے کے احکامات صادر کئے گئے ہیں۔اْنہوں نے کہا کہ مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ سے بھی اس معاملے پر بات کی۔ لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے بتایا کہ مرنے والوں کے لواحقین کو فی کنبہ 10 لاکھ اور زخمیوں کو 2 لاکھ بطور ایکس گریشا دینے کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔