وزیر اعظم کی قیادت میں، فلاحی اسکیموں اور تمام شعبوں میں تیز رفتار ترقی نے غریب ترین غریبوں کی زندگیوں کو بدل دیا / منوج سنہا
سرینگر // جموں و کشمیر میں بجلی کی کوئی کمی نہیں ہے کی بات کرتے ہوئے لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا نے کہا کہ میں خود روزانہ بنیادوں پر بجلی کی فراہمی کی نگرانی کرتا ہوں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ خراب ہونے والے ٹرانسفارمرز کو 24 گھنٹے میں ٹھیک کیا جا رہا ہے اور اس بات کو یقینی بنایا جا رہا ہے کہ لوگوں کو بجلی کی عدم دستیابی کے باعث کسی بھی پریشانی کا سامنا نہ ہو ۔ سٹار نیوز نیٹ ورک کے مطابق سرینگر میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا نے کہا کہ میں ذاتی طور پر جموں کشمیر میں روزانہ کی بنیاد پر بجلی کی فراہمی کی نگرانی کر رہا ہوں جبکہ سرینگر ملک کے باقی حصوں کیلئے ایک رول ماڈل کے طور پر ابھرا ہے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا ’’ میں ذاتی طور پر ہر شام یو ٹی میں روزانہ کی بنیاد پر بجلی کی سپلائی کی نگرانی کرتا ہوں ۔ میں علاقے کے لحاظ سے بجلی کی فراہمی کی نگرانی کرتا ہوں اور رائے لیتا ہوں‘‘ ۔ انہوں نے مزید کہا ’’خراب ہونے والے ٹرانسفارمرز کو 24 گھنٹے میں ٹھیک کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر میں بجلی کی کوئی کمی نہیں ہے‘‘۔خطاب کے دوران ایس ایم سی کمشنر اطہر عامر خان کے تبادلہ پر بات کرتے ہوئے لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا نے کہا کہ اطہر عامر کی متحرک قیادت میں سرینگر ایک بڑی تبدیلی سے گزرا ہے اور اب باقی ہندوستانی شہروں کیلئے ایک رول ماڈل ہے۔انہوں نے کہا ’’گزشتہ دو سالوں میں سرینگر نے بہت بڑی تبدیلی دیکھی ہے۔ آج، ہم کہہ سکتے ہیں کہ سرینگر ملک کے بہترین شہروں میں سے ایک بن کر ابھرا ہے‘‘ ۔ انہوں نے مزید کہا کہ لالچوک میں 31 دسمبر کی رات اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ جموں و کشمیر اپنی کھوئی ہوئی شان کو بحال کرنے کی راہ پر گامزن ہے جس کے لیے اسے جانا جاتا تھا۔لیفٹنٹ گورنر نے مزید کہا کہ جموں و کشمیر نے گزشتہ 4 سالوں میں جو کچھ حاصل کیا ہے اس پر آج پوری قوم کو فخر ہے۔ ہماری مسلسل توجہ ترقی کیلئے خواتین، کسانوں اور نوجوانوں کو معاشی طور پر بااختیار بنانے پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اس بات کو یقینی بنانا ہوگا کہ وہ جموں کشمیر کے دوبارہ پیدا ہونے والے مواقع تک رسائی حاصل کریں اور ان کا مکمل استعمال کریں۔لیفٹنٹ گورنر نے مزید کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں، فلاحی اسکیموں اور تمام شعبوں میں تیز رفتار ترقی نے غریب ترین غریبوں کی زندگیوں کو بدل دیا ہے۔ اس نے پائیدار آمدنی اور معیاری زندگی گزارنے کیلئے عام آدمی کو اپنے پاؤں پر کھڑا ہونے کے لیے بااختیار اور قابل بنایا ہے۔










