حدبندی کمیشن کاکام ’لگن اور شفافیت‘ پرمبنی ، لوگPAGDکے سیاسی مقاصد سے واقف ہیں:رویندر رینا
سری نگر//جموں و کشمیر بی جے پی کے صدر رویندر رینا نے بدھ کو حد بندی کمیشن کے مسودے کی تجویز کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر ایک ہے اور کوئی الگ جموں یا کشمیر نہیں ہے۔خیال رہے کمیشن کی حالیہ تجاویز جن میں جموں کے لئے6اور کشمیر کے لئے ایک نشست تجویز کی گئی ہے، جموں و کشمیر کی بیشتر سیاسی جماعتوں نے سخت تنقید کی ہے، اور یہ الزام لگایا ہے کہ نئی سیٹیں شامل کرتے وقت آبادی کو مدنظر رکھنے کی بجائے کمیشن نے حکمران بی جے پی کی حمایت کی ہے۔ جے کے این ایس کے مطابق بی جے پی کی جموں و کشمیرشاخ کے سربراہ رویندر رینا سے ایک پریس کانفرنس میں جب پوچھاگیا کہ وادی کی آبادی2011 کی مردم شماری کے مطابق زیادہ ہونے کے باوجود کشمیر میں صرف ایک اور جموں میں 6نشستیں کیوں شامل کی گئی ہیں، تو انہوں نے کہاکہ جموں و کشمیر ایک ہے، اور کشمیر اور جموں جیسی کوئی چیز نہیں ہے۔انہوںنے کہاکہ یہ جموں و کشمیر کے بارے میں ہے،کسی ایک خطے کیلئے نہیں۔ جموں و کشمیر کی سیاسی جماعتوں کی اکثریت نے کمیشن پر تعصب کا الزام لگایا ہے، تاہم رویندر رینانے کہا کہ جموں و کشمیر حد بندی کمیشن نے’لگن اور شفافیت‘ کے ساتھ کام کیا۔انہوں نے کہا کہ یہ پہلی بار ہوا ہے کہ درج فہرست قبائل اور درج فہرست ذات کے زمروں کو ان کے حقوق ملے ہیں۔ بی جے پی کی جموں و کشمیرشاخ کے سربراہ رویندر رینا ککہناتھاکہ جموں اور کشمیر کے لوگ اب پی اے جی ڈی کے سیاسی مقاصد سے واقف ہیں اور کوئی بھی ان کی حمایت کرنے والا نہیں ہے۔










