بارہمولہ//وزیر برائے جل شکتی، جنگلات و ماحولیات اور قبائلی امور جاوید احمد رانا اور وزیر برائے زرعی پیداوار، دیہی ترقی، پنچایتی راج، امدادِ باہمی اور الیکشن جاوید احمد ڈار نے آج ڈاک بنگلہ بارہمولہ میں ایک اعلیٰ سطحی ترقیاتی جائزہ میٹنگ کی مشترکہ صدارت کی جس کا مقصد مالی برس 2024-25ء کے ضلعی کیپکس بجٹ کے تحت مختلف ترقیاتی پروگراموں اور سکیموں کی مؤثر عمل آوری کا جائزہ لینا تھا جن میں ریاستی منصوبے اور مرکزی معاونت والی سکیمیں شامل ہیں۔میٹنگ میں عوامی خدمات کی نگرانی کے لئے شفافیت، جوابدہی اور ضلعی سطح پر منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کے طریقۂ کار کو مضبوط بنانے پر توجہ مرکوز کی گئی ۔میٹنگ میں رُکن قانون ساز اسمبلی بارہمولہ جاوید حسن بیگ،ممبر اسمبلی واگورہ۔کریری عرفان حفیظ لون، ممبر قانون ساز اسمبلی سوپور اِرشاد رسول کار، رُکن اسمبلی پٹن ریاض بیدار اور ممبر اسمبلی اوڑی ڈاکٹر سجاد شفیع، ضلع ترقیاتی کمشنر بارہمولہ منگا شیرپا ، تمام متعلقہ محکموں کے سربراہان اور ضلعی اَفسران نے شرکت کی۔دورانِ میٹنگ وزرأ نے سکیموں کا سیکٹر وار جائزہ لیا اور موجودہ متعلقہ محکموں کے سربراہاں سے ترقیاتی منصوبوں کی تفصیلی رِپورٹس طلب کیں۔ وزیربرائے جل شکتی جاوید احمد رانا نے تمام محکمہ جاتی سربراہان کو سخت ہدایات جاری کیں کہ وہ جاری کاموں کی پیش رفت کا موقعہ پر جا کر جائزہ لیں۔اُنہوں نے متعلقہ محکموں کے سربراہان مزید ہدایت دی کہ تمام ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنائیںاور عملدرآمد کے تمام عمل کے دوران معیار اور جوابدہی دونوں کو برقرار رکھیں۔وزیر جاوید احمد ڈار نے منشیات کے بڑھتے ہوئے مسئلے پر بات کرتے ہوئے محکمہ صحت اور قانون عملانے والے اِداروں پر زور دیا کہ وہ منشیات کے متاثرین کے ساتھ ہمدردی اور محبت سے پیش آئیں اور اُن کی بحالی کے لئے کونسلنگ، علاج اور مسلسل مدد فراہم کریں۔ دورانِ میٹنگ مختلف حلقوں کے ارکان قانون ساز اسمبلی نے اَپنے عوامی مسائل اور ترقیاتی مطالبات پیش کئے جن میں سڑکوں کی میکڈیمائزیشن، پینے کے صاف پانی کی فراہمی، سٹریٹ لائٹنگ وغیرہ شامل تھے اور ان مطالبات کے جلد از جلد ازالے کے لئے وزرأ سے مداخلت کی درخواست کی۔ اِس سے قبل ضلع ترقیاتی کمشنر بارہمولہ منگا شیرپا نے وزرأ کو ضلع کے مجموعی ترقیاتی منظرنامے پر ایک جامع پرزنٹیشن دی جس میں مختلف شعبوں میں جاری منصوبوںکی طبعی و مالی ترقیاتی اہداف کی تفصیل پیش کی گئی۔اُنہوں نے بتایا کہ بارہمولہ ضلع نے مرکزی معاونت والی سکیموںکی عمل آوری میں94 فیصد اور مالی سال 2024-25 ء کے لئے ہدف شدہ اَخراجات کا88 فیصدحاصل کیا۔اِس سے قبل وزرأ نے اَرکان قانون ساز اسمبلی اور اَفسران کے ساتھ ڈاک بنگلہ بارہمولہ کے احاطے میں ایک شجر کاری مہم میں حصہ لیا جس سے ماحولیاتی استحکام اور سبز اقدامات کے لئے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔










