ہائوس کمیٹی نے راجوری ۔ پونچھ میں جل جیون مشن منصوبوں کا زمینی معائینہ شروع کیا

ہائوس کمیٹی نے راجوری ۔ پونچھ میں جل جیون مشن منصوبوں کا زمینی معائینہ شروع کیا

راجوری//جموں و کشمیر یونین ٹیریٹری میں جل جیون مشن(جے جے ایم) کے لئے تشکیل دی گئی تیرہ رُکنی ہاؤس کمیٹی نے ضلع راجوری میں مختلف جے جے ایم سکیموں کا زمینی معائینہ شروع کیا۔ کمیٹی کی سربراہی رُکن اسمبلی اور سابق ہائی کورٹ جج حسنین مسعودی کر رہے ہیںجبکہ اس کے اراکین میں ایم وائی تاریگامی، علی محمد ڈار، الطاف احمد وانی، اعجاز احمد جان، راجیو جسروٹیہ، رنبیر سنگھ پٹھانیہ، تنویر صادق، جاوید ریاض بیدار، مظفر اِقبال خان، رفیق احمد نائیک، ارجن سنگھ راجو اور افتخار احمد شامل ہیں۔چیئرمین نے ممبران بشمول اراکین قانون ساز اسمبلی حویلی، تھانہ منڈی، راجوری، اودھمپور ایسٹ، ترال، رام بن اور پٹن کے ہمراہ راجوری میں متعدد پروجیکٹ سائٹس کا دورہ کیا۔ ٹیم نے سسال کوٹ، اگرتی، کاکورہ، نیلی اور گمبیر مغلاں میں جاری جے جے ایم منصوبوں کی پیش رفت اور معیار کا جائزہ لیا۔دورے کے دوران کمیٹی کے ہمراہ سینئر اَفسران بھی موجود تھے جن میں مشن ڈائریکٹر جے جے ایم انجلی سہراوت، ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری ابھیشیک شرما ، ٹیکنیکل ایڈوائزر جے جے ایم ریاض بٹ، ٹیکنیکل ایڈوائزرنواز احمد بٹ ،ٹیکنیکل آفیسر رجت چودھری،ٹیکنیکل آفیسر اویس بشیر اور دیگر متعلقین شامل تھے تاکہ زمینی سطح پر تفصیلی جائزہ لیا جا سکے۔رُکن اسمبلی کالاکوٹ ٹھاکر رندھیر سنگھ نے بھی ہاؤس کمیٹی سے ملاقات کی۔دُور دراز علاقوں سے آئے ہوئے متعددوفود نے کمیٹی اراکین سے ملاقات کی اور انہیں اَپنے علاقوں میں جے جے ایم منصوبوں کی عمل آوری سے متعلق مسائل اور پانی کی فراہمی کی سکیموںکے کام میں تاخیر سے متعلق مسائل سے آگاہ کیا۔متوقع ہے کہ معائینوں سے جے جے ایم منصوبوں کی عمل آوری کے بارے میں معلومات حاصل ہوں گی اور کمیٹی کو شفافیت، جوابدہی اور عوام کو محفوظ پینے کے پانی کی مؤثر فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے سفارشات تیار کرنے میں مدد ملے گی۔