Mystery of robbing gold shop in Tawhidpura Kungan solved in 3 days

توحیدپورہ کنگن میں سونارکی دکان لوٹنے کامعمہ 3روز میں حل

لاکھوں روپے مالیت کے طلائی زیورات اورتانبے کے برتن برآمد:پولیس

گاندربل//گاندربل پولیس نے کنگن میں سونارکی دکان لوٹنے کامعمہ 3روز میں حل کرتے ہوئے ایک نقب زن کوگرفتارکرکے اُسکی تحویل سے لوٹے گئے لاکھوں روپے مالیت کے زیورات اورتانبے کے برتن برآمد کرلئے ۔پولیس نے کہاکہ اس سلسلے میں مزید تفتیش جاری ہے اور مزید بازیابیوں اورگرفتاریوں کی توقع ہے۔ پولیس نے ایک بیان میں بتایاکہ29نومبر کوپولیس تھانہ کنگن کوایک سونار محمدسیف خان ولدارشاداحمدخان ساکنہ توحیدپورہ کنگن کی جانب سے ایک تحریری شکایت موصول ہوئی ،جس میں شکایت کنندہ نے کہاکہ 28اور 29نومبر کی درمیانی رات کو اُسکی گولڈشاپ یعنی سونے کے زیورات فروخت کرنے کی دکان میں چوری ہوئی ہے اورنقب زنوںنے لاکھوں روپے مالیت کے طلائی زیورات اُڑالئے ہیں ۔پولیس کے مطابق دکاندارکی اس تحریری شکایت پر ایس ایس پی گاندربل نکھل بورکر کی ہدایت پر ایس ڈی پی او کنگن ڈی ا ورائی ایس پی یاسر قادری کی نگرانی میں ایس ایچ ائوپولیس تھانہ کنگن انسپکٹر ترک ظہور کی سربراہی میں ایک خصوصی پولیس ٹیم نے چوری شدہ لاکھوں روپے مالیت کا سونا اور دیگر سامان لیکر فرار ہونے والے ملزم کی گرفتاری کی کارروائی شروع کردی ۔ تفتیش کے دوران سی سی ٹی وی فوٹیج اور دیگر تکنیکی آلات کی مدد سے یہ بات منظر عام پر آئی کہ ملزم اپنی گرفتاری سے بچتے ہوئے ضلع گاندربل سے ہندواڑہ فرار ہوگیا۔ اس سلسلے میں ملزم کی گرفتاری کیلئے ایک خصوصی ٹیم ہندواڑہ روانہ کی گئی۔ مزید یہ کہ ایک اطلاع ملی کہ ملزم اپنی گرفتاری سے بچنے کے لئے جموں کی جانب جا رہا ہے اور بجبہاڑہ پولیس کی مدد سے ملزم کو آخر کار سنگم میں روکا گیا اور پولیس تھانہ کنگن کی پولیس پارٹی نے اسے اپنی تحویل میں لے لیا۔ گرفتار چور کی شناخت بلال احمد لون ولد محمد اکبر لون ساکنہ متریگام ہندواڑہ کے طور پر ہوئی ہے۔پولیس کے مطابق، پولیس تھانہکنگن میں ایک مقدمہ زیرایف آئی آر نمبر140/2021زیر دفعات420اور419آئی پی سی کے تحت درج کیاگیا،اوراس معاملے کی مزید تحقیقات شروع کی گئی ہے۔پولیس نے مزید بتایاکہ ملزم کے اعترافی بیان اور نشاندہی پر دوران تفتیش لاکھوں روپے مالیت کامال مسروقہ برآمد کیاگیا،جس میں لاکھوں روپے مالیت کے طلائی زیوارت ،تانبے کے برتن اوردیگرکچھ سامان بھی شامل ہے۔پولیس نے کہاکہ اس سلسلے میں مزید تفتیش جاری ہے اور مزید بازیابیوں اورگرفتاریوں کی توقع ہے۔