لفٹینٹ گورنر نے ایک منصفانہ اور جامع معاشرے کیلئے سری گروگوبند سنگھ صاحب جی کے وژن کو یاد کیا
سانبہ//بیساکھی کے پرمسرت موقع پر لفٹینٹ گورنر مسٹر منوج سنہا نے گرودوارہ صاحب ابتل رام گڑھ سانبہ میں حاضری دی ۔ انہوں نے امن ، خوشحالی اور سب کی بھلائی کیلئے دعا کی ۔ اپنے خطاب میں لفٹینٹ گورنر نے لوگوں کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی اور شری گرو گوبند سنگھ صاحب جی کے ایک منصفانہ اور جامع معاشرے کے وژن کو یاد کیا ۔ انہوں نے کہا ’’ میں قابل احترام سری گرو گوبند سنگھ صاحب جی کو سجدہ کرتا ہوں ۔ گرو جی کی بے لوث خدمت ، سچائی ، قربانی ، مساوات اور عالمگیر محبت کا پیغام ہم سب کیلئے الہام کا ایک لازوال ذریعہ ہے ‘‘۔ لفٹینٹ گورنر نے کہا اس دن 1699 میں دسویں گرو گرو گوبند سنگھ صاحب نے امرت کی تقریب کو متعارف کراتے ہوئے سینٹ سپاہی کے تصور کو باقاعدہ بنایا اور سکھوں کو سنتوں ۔ فوجیوں کے خاندان میں تبدیل کیا جسے خالصہ پنتھ کے نام سے جانا جاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پہلے پانچ خالصہ بھائی دیا سنگھ ، بھائی دھرم سنگھ ، بھائی ہمت سنگھ ، بھائی محکم سنگھ اور بھائی صاحب سنگھ کو دیا گیا ایک اجتماعی نام پنج پیارے ہے ۔ پنج پیارے جن کو گرو گوبند سنگھ جی نے بپتسمہ دیا تھا ۔لفٹینٹ گورنر نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ ان نظریات پر عمل کریں جو گرو گوبند سنگھ صاحب جی نے اپنی پوری زندگی میں اپنائے اور غریبوں اور پسماندہ لوگوں کی بہتری کیلئے انتھک جدو جہد کریں ۔ انہوں نے کہا کہ اس بیساکھی پر آئیے ہم گرو گوبند سنگھ صاحب کے دکھائے ہوئے راستے پر چلنے کا عزم کریں ۔ اس موقع پر لفٹینٹ گورنر نے جلیاں والا باغ قتل عام میں شہید ہونے والوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے شہیدوں کی ہمت اور عظیم قربانی ہمیں ان کے خوابوں کے ہندوستان کی تعمیر کیلئے تحریک دیتی رہے گی ۔ انہوں نے قوم کی تعمیر میں کسان برادری کے انمول شراکت کو بھی سراہا ۔ اس موقع پر چئیر مین سکھ کوارڈینیشن کمیٹی جے اینڈ کے سردار اجیت سنگھ ، صدر گرودوارہ صاحب ابتل سردار امر جیت سنگھ ، پولیس اور سول انتظامیہ کے اعلیٰ حکام ، مذہبی سربراہان ، سرکردہ شہری ، کمیونٹی کے عمائدین اور زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد موجود تھے اور انہوں نے گرودوارہ صاحب میں حاضری دی ۔










