بہار میں کشمیری نوجوان کی مشکوک نقل وحمل پر گرفتاری

گرفتار نوجوان کاجنگجو باپ انکائونٹر میں ماراگیاتھا:پولیس ذرائع

سری نگر//بہار کے کٹیہارشہر میں جمعرات کو ایک کشمیری نوجوان کومشکوک طریقے سے گھومنے کی پادش میں گرفتارکیاگیا۔جے کے این ایس کوملی تفصیلات کے مطابق بہارپولیس کے ذرائع نے بتایاکہ ایک کشمیری نوجوان کوکٹیہارشہرمیں لوگوںنے مشکوک حالت میں گھومتے دیکھا ،تولوگوںنے اسکی اطلاع پولیس کودی ،جسکے بعد پولیس نے اس نوجوان کو حراست میں لیا ۔کٹیہار کے ٹاؤن پولیس اسٹیشن کے ایک افسر نے اس بات کی تصدیق کی کہ اس نے ملزم کے بارے میں کوئی تفصیلات شیئر نہیں کیں۔بتایاجاتا ہے کہ کشمیر نوجوان کٹیہار شہر کے شاہد چوک علاقے میں گھوم رہا تھا اور مقامی لوگوں نے اس کی سرگرمیوں کو مشکوک سمجھا جنہوں نے پولیس کو اطلاع دی۔ کٹیہار پولیس نے اسے حراست میں لے لیا اور پوچھ گچھ جاری ہے۔نوجوان کی شناخت ناصر وازہ ولد مشتبہ جنگجو یوسف وازہ کے طور پر ہوئی ہے جو وادی کشمیر میں سیکورٹی فورسز کے ساتھ ایک تصادم میں مارا گیا تھا۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ گرفتار نوجوان ناصروازہ اپنے والد کی موت کے بعد فن لینڈ چلا گیا اور 2021 تک وہیں رہا۔اس کے بعد وہ کشمیر واپس آیا۔پولیس ذرائع نے مزید بتایاکہ کشمیری نوجوان کے کٹیہار دورے کا مقصد ابھی تک معلوم نہیں ہوسکا ہے۔ چونکہ وہ بیرونی ممالک کا دورہ بھی کرچکاہے ،اسلئے دیگر سیکیورٹی ایجنسیاں بھی ان سے پوچھ تاچھ کریں گی۔ذرائع نے بتایاکہ ہم شہر کے سی سی ٹی وی کیمروں کو اسکین کررہے ہیں تاکہ یہ معلوم کیا جاسکے کہ وہ کن کن مقامات پر گئے ہیں۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ وہ کٹیہار ریلوے اسٹیشن میں بھی چند گھنٹے ٹھہرا۔