پاکستان ابھی بھی نیند سے بیدار نہیںہوتا /مرکزی وزیر مملکت میناکشی لیکھی
سرینگر // بھارت میں ہونے والے بہت سے واقعات کے پیچھے حافظ سعید کا ہاتھ ہے کا دعویٰ کرتے ہوئے مرکزی وزیر مملکت میناکشی لیکھی نے اس بات پر زور دیا کہ ممبئی حملے کے ماسٹر مائنڈ حافظ سعید کے دہشت گردوں کی بین الاقوامی فہرست میں ہونے کے باوجود پاکستان نے اس پر کبھی رد عمل ظاہر نہیں کیا۔سٹار نیوز نیٹ ورک کے مطابق میڈیا نمائندوں سے بات کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے خارجہ امور میناکشی لیکھی نے زور دے کر کہا کہ بھارت میں ہونے والے بہت سے واقعات کے پیچھے حافظ سعید کا ہاتھ ہے۔انہوں نے کہا ’’ہر کوئی جانتا ہے کہ ممبئی حملوں کے پیچھے حافظ سعید کا ہاتھ تھا۔ ہندوستان میں بہت سارے واقعات ہوئے ہیں اور ان کے پیچھے بھی حافظ سعید کا ہاتھ تھا‘‘۔ انہوںنے کہا کہ بھارت نے شروع سے ہی اس بات کو برقرار رکھا ہے اور وہ دہشت گردوں کی بین الاقوامی فہرست میں بھی شامل ہے۔ لیکن اس کے باوجود پاکستان نے اس پر کبھی رد عمل ظاہر نہیں کیا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ہندوستان نے متعلقہ معاون دستاویزات کے ساتھ حکومت پاکستان کو انہیں ہندوستان کے حوالے کرنے کی درخواست بھیجی ہے۔ انہوں نے مزید ’’اب ایک بار پھرہم نے حکومت پاکستان کو متعلقہ معاون دستاویزات کے ساتھ ایک درخواست بھیجی ہے کہ وہ اسے ہندوستان کے حوالے کرے‘‘۔ خیال رہے کہ وزارت خارجہ نے کہا کہ ہندوستان نے پاکستانی حکومت کو ممبئی حملوں کے ماسٹر مائنڈ حافظ سعید کو ایک خاص کیس میں ٹرائل کا سامنا کرنے کیلئے ہندوستان کے حوالے کرنے کے حوالے سے ایک درخواست سے آگاہ کیا ہے۔










