سرینگر / / پاکستان کو ایک مرتبہ پھر نشانہ بناتے ہوئے وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے کہا کہ کوئی دوسرا ملک ’’دہشت گردی کی مشق‘‘نہیں کرتا جس طرح ہندوستان کا پڑوسی کرتا ہے۔ سی این آئی مانیٹرنگ ڈیسک کے مطابق گجرات کے وڈوڈرا میں’’بڑھتا ہوا ہندوستان اور دنیا: مودی دور میں خارجہ پالیسی‘‘پر بات کرتے ہوئے مرکزی وزیر خارجہ ایس جئے شنکر نے کہا کہ ہندوستان کو ’’آئی ٹی میں ماہر سمجھا جاتا ہے تو پڑوسی ملک کو بین الاقوامی دہشت گردی کے ماہر‘‘کے طور پر جانا جاتا ہے۔ وزیر نے مزید کہا کہ نریندر مودی حکومت کی سفارت کاری نے دوسرے ممالک کو دہشت گردی کے معاملے کو سنجیدگی سے لینے پر مجبور کیا ہے۔پاکستان نے جس انداز میں دہشت گردی کی ہے کوئی دوسرا ملک دہشت گردی پر عمل نہیں کرتا۔ آپ مجھے دنیا میں کہیں بھی دکھائیں کہ پاکستان نے اتنے سالوں سے ہندوستان کے خلاف کیا کیا ہے۔ ممبئی حملے کے بعد ہمارے لیے یہ واضح ہونا ضروری ہے کہ ہم خود کہتے ہیں کہ اس طرح کا سلوک اور عمل ناقابل قبول ہے اور اس کے نتائج ہوں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم مودی کی قیادت میں، ہندوستان نے کامیابی کے ساتھ دوسرے ممالک کو یہ احساس دلایا کہ دہشت گردی مستقبل میں انہیں بھی نقصان پہنچا سکتی ہے، اگر ابھی اس پر قابو نہ پایا گیا.۔ ہم ’’ دہشت گردی کے خلاف اس جنگ میں دنیا کو ساتھ لے کر چلنے میں کافی حد تک کامیاب ہیں‘‘۔ پہلے دوسرے ممالک یہ سوچ کر اس مسئلے کو نظر انداز کرتے تھے کہ اس سے ان پر کوئی اثر نہیں پڑے گا کیونکہ یہ کہیں اور ہو رہا ہے۔ آج دہشت گردی کی حمایت کرنے والوں پر دبائو ہے۔ یہ ہماری سفارت کاری کی ایک مثال ہے۔










