ہندوستان کی اسٹار بیڈمنٹن کھلاڑی پی وی سندھو کو سوپر 750 ٹورنامنٹ کے فائنل میں جنوبی کوریا کی عالمی نمبر ایک کھلاڑی این سی ینگ کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ سندھو نے پہلا گیم جیتا لیکن اگلے دونوں گیمز میں انہیں ہار کا سامنا کرنا پڑا۔ پی وی سندھو بی ڈبلیو ایف فرنچ اوپن کا خطاب اپنے نام نہیں کر سکیں۔ انہیں فائنل مقابلے میں جنوبی کوریا کی عالمی نمبر ایک کھلاڑی این سی ینگ نے ہرا دیا۔ ارینا گرینڈ پیرس میں کھیلے گئے اس مقابلے میں ہندوستانی کھلاڑی کو موجودہ اولمپک چیمپئن کے ہاتھوں 21۔16، 11۔21 اور 12۔21 سے شکست ہوئی۔ اس کے ساتھ ہی 1998 کے بعد فرنچ اوپن کا خطاب جیتنے والی پہلی ہندوستانی خاتون بننے کا سندھو کا خواب پورا نہیں ہو سکا۔ قابل ذکر ہے کہ 1998 میں اپرنا پوپٹ نے بی ڈبلیو ایف فرنچ اوپن کا خطاب جیتا تھا۔ اس کے بعد اب تک کوئی دوسری ہندوستانی خاتون کھلاڑی اس ریکارڈ کو نہیں دہرا سکی ہے۔ این سی ینگ نے اس سے پہلے سندھو کے خلاف کھیلے گئے تمام 10 مقابلوں میں کامیابی حاصل کی تھی۔ اس جیت کے ساتھ سندھو کے خلاف ان کا باہمی مقابلوں کا ریکارڈ 11-0 ہو گیا ہے۔سندھو کیلئے یہ اس سال کا دوسرا سوپر 750 فائنل تھا۔ اس سے پہلے جولائی میں انہوں نے جاپان اوپن کا خطاب جیتا تھا۔ وہاں انہوں نے فائنل میں تین بار کی عالمی چیمپئن جاپان کی اکانے یاماگوچی کو شکست دی تھی۔










