farooq abdullah

نیشنل کانفرنس نے ہر سازش کا ڈٹ کر مقابلہ کیا

عوامی حمایت جماعت کی اصل طاقت،دفعہ 370 کی بحالی اور ریاستی درجے کی واپسی کی جدوجہد جاری / فاروق عبد اللہ

سرینگر / این این بی // نیشنل کانفرنس نے اپنی تاریخ میں پُرآشوب، نازک اور مشکل ترین ادوار کا سامنا کیا ہے اور جموں و کشمیر کے مظلوم و محکوم عوام کے وقار، عزت، خوشحالی اور آئینی و جمہوری حقوق کے تحفظ و حصول کے لئے بے شمار مالی اور جانی قربانیاں پیش کی ہیں کی بات کرتے ہوئے صدر جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا ہے کہ یہ قربانیاں جماعت کی تاریخ کا ایک نا قابل فراموش باب ہیں۔نیشنل نیوز بیورو ( این این بی ) کے مطابق پارٹی ہیڈکوارٹر پر ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ نیشنل کانفرنس کی تحریک کی بنیاد ناانصافی کے خلاف جدوجہد اور عوام کو ان کے بنیادی حقوق دلانے کے عزم پر رکھی گئی تھی۔ اس مقصد کے حصول کے لئے یہاں کے لوگوں، بالخصوص جماعت کے بے لوث کارکنوں نے آزاد ماحول، عزت نفس، خدا اعتمادی اور خود اعتمادی کے لئے بے شمار مصائب اور مشکلات برداشت کیں۔انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس کے خلاف سازشیں کوئی نئی بات نہیں ہیں۔ تاریخ گواہ ہے کہ اس جماعت کو 1953، 1977، 1984 اور 1990 سمیت مختلف ادوار میں کئی مذموم اور خطرناک سازشوں کا سامنا کرنا پڑا، لیکن ہر مرتبہ یہ جماعت عوام کے بے لوث اشتراک اور تعاون کی بدولت سرخرو ہو کر ابھری۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ ماضی میں جن عناصر نے نیشنل کانفرنس کو توڑنے، اس میں شگاف ڈالنے اور اس کی عوامی بنیادوں کو کمزور کرنے کی کوششیں کیں، وہ وقت کے ساتھ سیاسی منظرنامے سے غائب ہوگئے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس کی بنیاد صداقت پر قائم ہے اور اللہ تعالیٰ کا فضل و کرم اور عوام کی بھرپور حمایت اس جماعت کی سب سے بڑی طاقت ہے۔ جموں و کشمیر کے آئینی اور جمہوری حقوق کی بحالی کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ دفعہ 370 اور 35 اے کی بحالی کے لئے جدوجہد جاری رہے گی۔ نیشنل کانفرنس عوام کے آئینی اور جمہوری حقوق کی بحالی تک اپنی جدوجہد سے پیچھے نہیں ہٹے گی۔ انہوں نے نئی دہلی سے جموں و کشمیر کا ریاستی درجہ فوری طور پر بحال کرنے کا مطالبہ دہراتے ہوئے کہا کہ یہاں کے عوام نے اپنے ووٹ کے ذریعے ایک جمہوری حکومت منتخب کی ہے اور اسے خطے کا نظام چلانے کے لئے واضح مینڈیٹ دیا ہے۔ عوامی مینڈیٹ کا احترام کرنا اور منتخب حکومت کو اپنے فرائض انجام دینے کے لئے ضروری اختیارات فراہم کرنا جمہوری اصولوں کا بنیادی تقاضا ہے۔ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ نیشنل کانفرنس عوامی اعتماد، قربانیوں اور اصولوں کی بنیاد پر قائم ایک تحریک ہے، جو جموں و کشمیر کے عوام کے وقار، خوشحالی اور حقوق کے تحفظ کے لئے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔ تقریب پر سینئر پارٹی لیڈران، ممبران پارلیمان، کابینہ وزرائ، ممبرانِ اسمبلی اور عہدیداران بھی موجود تھے۔