سری نگر//وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے جموں و کشمیر کی ووشو اور تائیکوانڈو ٹیموں کو گورنمنٹ کالج آف فزیکل ایجوکیشن گاندربل میں منعقدہ 70ویں نیشنل سکول گیمز میں دونوں کھیلوں میں’ اوور آل ٹیم ٹرافی‘ جیتنے پرمُبارک باد پیش کی۔جموں و کشمیر نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دونوں کھیلوں میں مجموعی طور پر 22 تمغے اَپنے نام کئے۔ٹیم نے 22 سے 26 ؍اکتوبر تک منعقد ہ تائیکوانڈو مقابلوں میں 14 تمغے حاصل کئے جن میں چار طلائی، تین چاندی اور سات کانسی کے تمغے شامل ہیں۔ٹیم نے 15 سے 19 ؍اکتوبر تک منعقدہ ووشو مقابلوں میں آٹھ تمغے جیتے ہیںجن میں ایک طلائی،دو چاندی اور پانچ کانسی کے تمغے شامل ہیں۔وزیر اعلیٰ نے 15 ؍اکتوبر کو 70ویں نیشنل سکول گیمز کا اِفتتاح کیا تھا۔ اس ایونٹ میں 23 ریاستوں اور یوٹیز سے زائد اَز 1300 نوجوان کھلاڑیوں نے شرکت کی جس سے ملک بھر کے اُبھرتے ہوئے سپورٹس ٹیلنٹ کو ایک پلیٹ فارم میسر آیا۔وزیراعلیٰ عمر عبداللہ نے نوجوان چمپئنز کو مُبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ ان کی کامیابیاں جموں و کشمیر میںکھیلوں کی بڑھتی ہوئی صلاحیتوں او ریہاں کے نوجوان کھلاڑیوں کی لگن اور سخت محنت کی عکاس ہیں۔ اُنہوں نے جموںوکشمیر بھر میںکھیلوں کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے اور کھیلوں میں عمدہ کارکردگی کو فروغ دینے کے لئے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔ ڈائریکٹوریٹ آف یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس جموںوکشمیر نے 70ویں نیشنل سکول گیمز کا اِنعقاد سکول گیمز فیڈریشن آف اِنڈیا (ایس جی ایف آئی) کے زیر اہتمام کیاتھا۔










