لاہور/یواین آئی//پاکستان ونڈے ٹیم کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے انگلینڈ کے خلاف سہ ملکی سیریز کے میچ میں اہم سنگ میل عبور کرتے ہوئے ونڈے انٹرنیشنل کرکٹ میں 150 وکٹیں مکمل کرلئے۔ وہ یہ کارنامہ انجام دینے والے پاکستان کے تیز ترین فاسٹ بولر بن گئے ہیں۔ قذافی اسٹیڈیم میں شاہین نے انگلینڈ کے فارم میں موجود اوپنر ٹام بینٹن کو اننگز کے پہلے ہی اوور میں آؤٹ کرکے اپنی 150ویں ونڈے وکٹ حاصل کی۔ بینٹن گزشتہ چار اننگز میں مسلسل چار نصف سنچریاں بناچکے تھے ، تاہم شاہین کی فل لینتھ گیند پر کور کے علاقے میں کیچ دے بیٹھے ۔شاہین آفریدی نے 80ویں ونڈے میچ میں 150وکٹیں مکمل کیں، جبکہ سابق پاکستانی فاسٹ بولرز وقار یونس اور شعیب اختر نے 91، 91 میچز میں یہ سنگ میل عبور کیا تھا۔ پاکستانی گیندبازوں میں شاہین اس اعزاز تک پہنچنے والے دوسرے فاسٹ بولر ہیں۔ ان سے آگے سابق آف اسپنر ثقلین مشتاق ہیں، جنہوں نے 78میچز میں 150وکٹیں حاصل کی تھیں۔ عالمی سطح پر شاہین آفریدی 150 ون ڈے وکٹیں مکمل کرنے والے مشترکہ طور پر چوتھے تیز ترین گیندباز بن گئے ہیں۔










