جموں و کشمیر حکومت کی کابینہ کے نئے منتخب وزرأ کو عہدے اور رازداری کا حلف دِلایا
سری نگر//لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے منگل کے روز لوک بھون میں منعقدہ حلف برداری کی تقریب میں جموں و کشمیر کی کابینہ میں شامل کردہ نئے وزرأ کوعہدے اور رازداری کا حلف دِلایا۔ اِس موقعہ پروزیر اعلیٰ عمر عبداللہ بھی موجود تھے۔لیفٹیننٹ گورنر نے اراکین قانون ساز اسمبلی علی محمد ساگر، الطاف احمد وانی، شمیم فردوس اور سیف اللہ میر کو وزرأ کے طور پر حلف د ِلایا۔تقریب میں سپیکر جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی عبدالرحیم راتھر، صدرجے کے این سی ڈاکٹر فاروق عبداللہ، نائب وزیر اعلیٰ سریندر کمار چودھری، وزرأسکینہ اِیتو، جاوید احمد رانا اور جاوید احمد ڈار،ممبر پارلیمنٹ گرویندر سنگھ اوبرائے اور متعدد معزز شخصیات اور سینئر اَفسران نے شرکت کی۔ لیفٹیننٹ گورنر کے پرنسپل سیکرٹری گووند جیسوال نے تقریب کی نظامت کے فرائض انجام دئیے۔










